کراچی (کلچرل رپورٹر) پاکستان ٹیلی ویژن انڈسٹری کے معروف اداکار، رائیٹر ،ہدایتکار و پروڈیوسر وکیل فاروقی کی ٹیلی فلم ’’ اکیسویں صدی کے مرزا غالب‘‘ کا پریمئیر شو ہفتہ 31 اگست کو پاک امریکن کلچرل سینٹر کراچی میں ہوگا۔ فلم کی تحریر اور ہدایتکاری وکیل فاروقی نے دی ہے جبکہ مرزا غالب کا کردار اداکار سلطان شیخ، مومن کا کردار جمیل خان جمی، بیگم غالب کا کردار شبانہ سحر،گلوکارہ کا کردار وفاچانڈیو، خادم کا کردار دانش مقصود اور رام کا کردار چاند پوری نے کیا ہے ۔نئی ٹیلی فلم کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے وکیل فاروقی کا کہنا تھا کہ موجودہ نسل غالب سے ناآشنا ہے ، اپنی فلم میں مرزا غالب کو اکیسویں صدی میں دکھایا ہے کہ اگر وہ اس صدی میں ہوتے تو کیا حالات ہوتے ۔ یہ ایک بہت ہی سبق آموز اور تفریح سے بھرپور فلم ہے جس میں دیکھنے والے کے لئے بہت کچھ ہے ۔ انکا کہنا تھا کہ میری کوشش ہوتی ہے کہ نت نئے انداز میں اپنی تاریخ کو نئی نسل میں متعارف کرواؤں ۔