مکرمی! حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں مجموعی طور پر نو روپے فی لیٹر اور ایل پی جی کی قیمت میں ایک روپے پچاس پیسے فی کلو اضافہ کر دیا۔ قیمتوں کا اطلاق یکم اگست سے ہو چکاہے-آئندہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین پندرہ روزہ بنیاد پر کیا جائے گا جس کا اطلاق اسی ماہ سے ہوگا اور اب 15 اگست کو نئی قیمتوں کا اعلان ہوگا۔ یہ طے شدہ امر ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کے بڑھتے ہوئے نرخ ہر شے پر اثر انداز ہوتے اور مہنگائی میں اضافے کا سبب بنتے ہیں۔ عید الاضحی کی وجہ سے سبزی، فروٹ اور مصالحہ جات میں منافع خوری ہو رہی تھی۔ تندوری روٹی کی قیمت میں من مانا اضافہ کرکے خوب کمائی کی گئی جبکہ ٹرانسپورٹر حضرات نے پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں کمی کا فائدہ عوام کو نہیں دیا تھا اور جب قیمت بڑھی تو کرایے مزید بڑھا دیئے تھے۔آنے والے دنوں میں اگرعوام کو ریلیف نہ ملا تو اپوزیشن جماعتوں کی احتجاجی تحریک کی کامیابی کا امکان مسترد نہیں کیا جاسکتا۔ (جمشیدعالم صدیقی‘ لاہور)