لاہور( سپورٹس ڈیسک )پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کے منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان نے ورلڈ کپ کے سکواڈ میں تبدیلیوں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیف سلیکٹر کو احسان مانی کی بھرپور حمایت حاصل ہے ،محمد عامر اور وہاب ریاض کو عالمی کپ کے حتمی 15پلیئرزمیں منتخب کرنے کا فیصلہ چیئرمین پی سی بی کی مرضی سے کیا گیا، انضمام الحق کے جوابدہ نہ ہونے کا تاثر درست نہیں،انگلش کنڈیشنز میں میڈیم پیسرز کا کوئی کام نہیں لہذا دونوں فاسٹ بالرز کو ان کی رفتار اور تجربے کی بنیاد پر ٹیم میں شامل کیاگیا، تنقید کے بجائے سپورٹ کرنا چاہئے ۔کراچی میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کے تمام گیارہ وینیوز پر ون ڈے کرکٹ کیلئے مکمل سپاٹ اور بے جان وکٹوں پر ریورس سوئنگ کے ساتھ تیز رفتار بالنگ کی ضرورت پڑے گی اور محمد عامر کے علاوہ وہاب ریاض کے پاس یہ اہم ہتھیار موجود ہیں۔