اسلام آباد، کراچی (اے پی پی، کامرس رپورٹر ) دیامر بھاشا ڈیم و مہمند ڈیم کی تعمیر کے لئے عملدرآمد کمیٹی 24 جولائی کو اپنی رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کرے گی۔ واپڈا ذرائع کے مطابق عملدرآمد کمیٹی نے اپنے پہلے اجلاس میں دیامر بھاشا اورمہمند ڈیم پر عملدرآمد کی مؤثر نگرانی کے لئے تفصیلی غور کیا اور دونوں ڈیموں کے لئے پانچ مختلف ذیلی کمیٹیوں کی منظوری دی تھی۔ تمام ذیلی کمیٹیاں 20 جولائی کو اپنے اپنے امور کی بریفنگ دیں گی اور 23 جولائی کو اپنی رپورٹس کو حتمی شکل دے کرمرکزی عملدرآمد کمیٹی کو پیش کردیں گے جس کے بعد دونوں منصوبوں پر پیشرفت کے بارے رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کی جائے گی۔ علاوہ ازیں بینک دولت پاکستان نے دیا میر بھاشا اور مہمند ڈیموں کے لیے دیے گئے عطیات کی تفصیلات اپنی ویب سائٹ پر پیش کردی ہیں۔ یہ تفصیلات6جولائی 2018ء کے بعد سے تاریخ وار ہیں اور انہیں بلحاظ ڈونر اور بلحاظ بنک ترتیب دیا گیا ہے ۔ اب ڈونر خواتین و حضرات ’’سپریم کورٹ آف پاکستان کے دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیموں کے فنڈ اکائونٹ‘‘ میں دیے گئے اپنے عطیات اسٹیٹ بینک کی ویب سائٹ پر اس لنک پر چیک کر سکتے ہیں:http://www۔sbp۔org۔pk/notifications/FD/DamFund/ DamFund۔htm۔ ویب سائٹ پر تفصیلات چونکہ تاریخ وار دستیاب ہیں اس لیے ڈونر اپنے عطیے کی تاریخ پر جا کر اپنی رقم چیک کر سکتا ہے ۔ تاہم جو عطیات متبادل ڈیلیوری چینلز (اے ڈی سی) مثلاً اے ٹی ایم، انٹربینک فنڈ ٹرانسفر وغیرہ کے ذریعے بھجوائے گئے ہیں، انہیں بحیثیت مجموعی بینکوں کے لحاظ سے ترتیب دیا گیا ہے اس لیے ایسے عطیات کو سٹیٹ بنک کی ویب سائٹ پر ڈونر کے لحاظ سے نہیں بلکہ بینک کے لحاظ سے دکھایا گیا ہے ۔ ڈیمز تعمیر