اسلام آباد (سپیشل رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سعودی عرب سے خصوصی پیکیج ملنے سے ہمارے اوپر سے پریشر ہٹ گیا ہے ، ، اب آئی ایم ایف سے بہت زیادہ قرضہ نہیں لیں گے ،انشا اﷲ آئندہ دنوں میں قوم کو مزید خوش خبری سناؤں گا۔ قوم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سے اچھا اقتصادی پیکج مل جانے پر اﷲ کا شکر ادا کرتا ہوں۔ سعودی عرب جیسا پیکج لینے کیلئے دو ممالک سے رابطے میں ہیں ۔اگر وہ قرضہ مل گیا تو تنخواہ دار طبقے پر زیادہ بوجھ نہیں ڈالیں گے ۔مجھے پورا احساس ہے عوام پر کیا گزررہی ہے ۔آنے والے دنوں میں عوام کو اور بھی خوشخبری سنائیں گے ۔ اب آئی ایم ایف سے بہت زیادہ قرضہ نہیں لیں گے ۔وزیراعظم نے زبردست پیکج دینے پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اب آئی ایم ایف کے قرض کا عوام پر بوجھ نہیں پڑے گا۔وزیر اعظم نے کہاکہ قرضوں کی قسطیں واپس کرنا تھیں جس کی وجہ سے ہم پر بوجھ پڑ گیا تھا اور اگر ہم براہ راست آئی ایم ایف کے پاس چلے جاتے تو اس سے عوام پر مزید دباؤ بڑھ جاتا لیکن اﷲ کا شکر ہے سعودی عرب سے بڑا زبردست پیکج مل گیا ہے ۔انہوں نے کہا 2008 سے ابتک ملک پر 30 ہزار ارب کا قرضہ ہو گیا ہے ،اس کا آڈٹ ہو گا، ہم سابق حکومتوں کے لئے قرضے اتار رہے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ اسلامی تعلقات کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ہیں ۔سعودی عرب نے ہر مشکل حالت میں پاکستان کا نہ صرف ساتھ دیا بلکہ عملی اقدامات بھی کئے ہیں۔ پاکستان یمن جنگ ختم کرانے کیلئے ثالث کا کردار ادا کرے گا۔کوشش کریں گے مسلمان ممالک کو اکٹھا کریں۔یمن جنگ سے مسلمان دنیا بڑی تکلیف میں ہے ۔ہم چاہتے ہیں دونوں ممالک میں لڑائی ختم ہو جائے ۔انہوں نے کہا منی لانڈرنگ ختم کرنے کیلئے اداروں کو مضبوط کررہے ہیں۔ایسا ماحول بنائینگے کہ باہر سے سرمایہ پاکستان میں آئیگا۔کرپشن کی وجہ سے ریلوے پر قرضہ چڑھ گیا۔ سٹیل مل اور پی آئی اے خسارے میں ہے ۔ ڈالر آنے سے روپے کی قدر میں اضافہ ہوگا۔50لاکھ گھر سکیم سے 40سیکٹرز فعال ہوجائیں گے ۔نچلے طبقے کیلئے پیکج کا اعلان جلد کروں گا۔