صنعا ( آن لائن،این این آئی،نیٹ نیوز )یمن کی آئینی حکومت کی وفادار فوج نے مشرقی صنعا میں ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کی طرف سے کیا گیا حملہ پسپا کردیا،مختلف کارروائیوں میں 40جنگجو ہلاک ہوگئے ،سعودیہ نے بھی باغیوں کے 2ڈرون مار گرائے ۔حوثی باغیوں نے مشرقی صنعا میں سرکاری فوج پرحملے کی کوشش کی جوابی کارروائی میں 30ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے دوسری جانب اتحادیوں کی بمباری سے 10جنگجو مارے گئے ،اسلحہ ،بارود تباہ ہو گیا،صوبہ عسیر کے شہر خمیس مشیط میں باغیوں کی جانب سے داغے گئے ڈرونز کو فضا میں تباہ کیا گیا ۔عرب ٹی وی کے مطابق حوثی باغیوں نے مشرقی صنعا میں نھم ڈائریکٹوریٹ میں سرکاری فوج پرحملے کی کوشش کی مگر جوابی کارروائی میں حوثی باغیوں کو بھاری جانی اور مالی نقصان اٹھانا پڑا کارروائی کے دوران 30 جنگجو ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ۔ اس کے علاوہ عرب اتحادی فوج نے نھم کو بھیجی گئی افرادی کمک پر بمباری کی گئی جس کے نتیجے میں کم سے کم 10 جنگجو ہلاک اور اسلحہ اور گولہ بارود کی بھاری مقدار تباہ ہوگئی، اتحادی فوج کی بمباری سے کم سے کم پانچ فوجی گاڑیوں کو تباہ کردیا گیا۔یمنی فوج کے شعبہ اطلاعات کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ نیشنل آرمی اور اس کی وفادار مزاحمتی فورسز نے ڈائریکٹوریٹ میں نھد العتق، جبال بحرہ اور جنوب مغربی پہاڑی سلسلوں صلب میں حوثی باغیوں کا حملہ پسپا کرتے ہوئے انہیں بھاری جانی اور مالی نقصان پہنچایا ہے ۔بیان میں مزید کہا گیا کہ ذمہ دار عسکری ذرائع نے تصدیق کی کہ نھم گورنری میں کارروائی کے دوران 30 جنگجو ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ۔دریں اثنا یمن سے سعودی عرب کے رہائشی علاقوں کی جانب داغے گئے باردو بردار ڈرونز کو اتحادی افواج نے مار گرایا ہے ۔سعودی میڈیا کے مطابق اتحادی افواج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ صوبے عسیر کے شہر خمیس مشیط میں یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے داغے گئے دو ڈرونز کو فضا میں تباہ کردیا گیا ہے۔