کراچی ( کامرس رپورٹر ) انٹر بینک میں ڈالر بلند ترین سطح 181.90روپے تک جا پہنچا،سونا بھی300روپے مہنگا جبکہ سٹاک مارکیٹ مندی کی لپیٹ میں آگئی،کے ایس ای 100 انڈیکس 26 پوائنٹس گھٹ گیا تاہم مجموعی انڈیکس 43200 پوائنٹس کی سطح پربرقرار رہا ،کاروباری مندی کے سبب مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 9ارب روپے سے زائد ڈوب گئے ۔مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 73 کھرب 1 ارب 14 کروڑ 73 لاکھ 76 ہزار 195 روپے ہو گیا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو5ارب روپے مالیت کے 13 کروڑ 82 لاکھ 81 ہزار حصص کے سودے ہوئے ۔ مجموعی طور پر 320 کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 155کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،143میں کمی اور22کمپنیو ں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔دریں اثناء انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے پاکستانی روپیہ کی قدر میں گراوٹ کا تسلسل جاری ہے جس کی وجہ سے منگل کو ڈالر پاکستانی تاریخ کی بلند ترین سطح پر جا پہنچا ہے ۔ڈالرانٹربینک میں 60،اوپن مارکیٹ میں50 پیسے بڑھ گیا۔اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید 181.80روپے اور قیمت فروخت 181.90 روپے ہو گئی۔ اسی طرح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں 50 پیسے کے اضافے سے ڈالر کی قیمت خرید 182روپے اور قیمت فروخت 182.50روپے ہو گئی۔علاوہ ازیں منگل کو ملکی صرافہ مارکیٹوں میں 300روپے کے اضافے سے ایک تولہ سونے کی قیمت1لاکھ31ہزار روپے ہو گئی اسی طرح 257 روپے کے اضافے سے دس گرام سونے کی قیمت 1 لاکھ12ہزار311روپے پر جا پہنچی۔