اسلام آباد(لیڈی رپورٹر)اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ایم ڈی سی کی عدم بحالی پررجسٹرارپی ایم ڈی سی حفیظ الدین کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست پر سیکرٹری صحت ،وزارت صحت کے سیکشن آفیسر ، ڈی سی اسلام آباد ،ایس ایچ او تھانہ رمناکو نوٹس جاری کر تے ہوئے آج7 اپریل کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔گزشتہ اسلام آبادہائیکورٹ کے جج جسٹس محسن اختر کیانی نے پی ایم ڈی سی کی عدم بحالی کیخلاف دائردرخواست کی سماعت کی۔درخواست گزاررجسٹرار پی ایم ڈی سی حفیظ الدین کے وکیل بیرسٹرظفراللہ عدالت پیش ہوئے اور موقف اختیارکیاکہ رجسٹرار کو آفس کا چارج کا سنبھالنے کا حکم دیا گیا تھا،رجسٹرار گئے تو حکومت نے اپنے گارڈ کھڑے کردیئے ۔عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ جسٹس محسن اخترکیانی نے استفسارکیاکہ کیا حکومت نے نئے رجسٹرار پی ایم ڈی سی کو تعینات کردیا ، جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق کھوکھرنے عدالت کو بتایاکہ ابھی تک تعینات نہیں کیا گیا۔عدالت نے تمام فریقین کو طلبی کے نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام فریقین ذاتی حیثیت میں آج عدالت پیش ہوں۔کیس کی مزیدسماعت آج 7 اپریل تک ملتوی کردی گئی۔