پشاور(نیوز رپورٹر)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے قبائلی اضلاع میں ہونیوالے الیکشن کے دوران سیکشن 144 لگاکر اپوزیشن کے نمائندوں کو ہراساں کیا جارہا ہے ،الیکشن کمیشن اور دیگر ادارے اس ملک کے آزاد ادارے ہیں انہیں متنازع نہ بنایا جائے ، میرے حلقے کا آج بھی فارم 45 لاپتہ ہے ۔ پیپلز پارٹی مہمند کی جانب سے ضلع مہمند کے لوئر سب ڈویژن کی تحصیل یکہ غنڈ باب کے قریب حفیظ کورونہ سرو کلی پولیس چوکی کے سامنے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا یہ بجٹ پاکستان کا نہیں پی ٹی آئی ایم ایف کا ہے ،ہم آئین پر آنچ نہیں آنے دینگے ،جمہوری اور معاشی حقوق کا دفاع کریں گے ،جب تک جمہوری حقوق محفوظ نہیں ہونگے ،معاشی حقوق محفوظ نہیں ہوسکتے ، یہ تبدیلی،یہ نیا پاکستان عوام کے لئے عذاب بنا ہوا ہے ، چھوٹے تاجروں کا معاشی قتل کیا جارہا ہے ،پنشن میں اضافہ نہ کر کے حکومت بزرگوں کا معاشی قتل کرر ہی ہے ، حکومت نے ہر چیز پر ٹیکس لگادیا ہے ، عوام کوبے روزگاری کے دلدل میں دھکیل ر ہی ہے ،عوام کو مہنگائی کے سونامی میں ڈبو دیا گیا ، سبزی مہنگی، ڈیزل مہنگا، چینی مہنگی کر دی گئی۔ انہوں نے کہا حکمران عوام دشمن بجٹ کے ذریعے عوام کا خون چوس رہے ہیں، دھاندلی زدہ حکومت نے دھاندلی کر کے بجٹ پاس کرایا ، وزرا جھوٹے ہیں۔ انہوں نے کہا ایم کیو ایم کی فارن فنڈنگ حرام ہے ،پی ٹی آئی کی فارن فنڈنگ حلال ہے ، ان کا دہرا نظام ہے ،جھونپڑی حرام ہے ، بنی گالا حلال ہے ، تاریخ میں سب سے زیادہ پیسہ خیبرپختونخوا اور فاٹا کو دیا گیا، حکومت معاشی حقوق پر ڈاکے ڈال رہی ہے ۔ انہوں نے کہا سابق صدر زرداری نے این ایف سی دیا، پختونخوا کو شناخت دی،اب انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں، جمہوری حقوق پامال کئے جارہے ہیں۔ بلاول نے کہا نیا پاکستان اورتبدیلی کے نام پر سارے حقوق چھینے جارہے ہیں، شہید بینظیر نے کہا اگر نوکری دینا جرم ہے تو بار بار کروں گی، وانا میں گھی پلانٹ ہے تو بھٹو کا بنا یاہواہے ،باجوڑ میں پہلا کالج بھٹو کا بنایا ہواہے ، پختونخواور قبائلی علاقے میں ترقیاتی کام پیپلز پارٹی کا کارنامہ ہیں، آج بھی پختونخوا میں ہزاروں لیڈی ہیلتھ ورکرز کام کر رہی ہیں، ہماری حکومت نے پنشن میں100فیصد اضافہ کیا۔انہوں نے کہادیر اور باجوڑ میں بھی پارٹی کنونشن منعقد کریں گے ،آج یوم سیاہ کے سلسلے میں پشاورمیں پارٹی کنونشن ہوگا،صرف 2دن کے نوٹس پر عوام کے جمع ہونے پر شکر گزار ہوں۔