لاہور،پشاور،راولپنڈی(جنرل رپورٹر،اپنے سٹاف رپورٹر سے ،خبرنگار،رپورٹر92نیوز)ڈینگی مچھر نے راولپنڈی میں ایک اور جان لے لی،45سالہ ظہیرہ بی بی نے ہولی فیملی ہسپتال میں دم توڑ دیا۔پنڈوڑہ کی رہائشی ظہیرہ بی بی تین دن سے ہسپتال میں زیر علاج تھی۔میت لواحقین کے سپرد کر دی گئی۔رواں سیزن میں راولپنڈی میں ڈینگی سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد69ہو گئی۔ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کل 224 کنفرم مریض زیرعلاج ہیں۔پچھلے 24گھنٹوں میں پنجاب میں ڈینگی کے 79نئے مریض سامنے آئے اور 92مریض ڈسچارج ہوئے ۔راولپنڈی 57 ،لاہور 10، جہلم ،ڈی جی خان ،حافظ آباد ، قصور ، خوشاب ، لیہ ،ملتان ،شیخوپورہ ،ننکانہ اور مظفر گڑھ سے ایک ایک ،سرگودھا سے 2 مریض ہسپتال داخل ہوئے ۔گزشتہ روز محکمہ صحت کی ٹیموں نے پنجاب بھر میں میں 287659 ان ڈور اور 85796 آوٹ ڈور مقامات کو چیک کیا 1494مقامات سے لاروا تلف کیا گیا۔گزشتہ روز صوبہ بھر سے ڈینگی لاروا کی موجودگی اور غفلت برتنے پر 62کمرشل مقامات کے خلاف مقدمات درج اور6افراد کو گرفتار کیا گیا ۔ڈینگی لاروا کی موجودگی پر1040 افراد کو وارننگ جاری کی گئی جبکہ 07 مقامات کو سیل کیا گیا ۔بعدازاں ڈی سی لاہور دانش افضال کی زیر صدارت انسدادِ ڈینگی مہم کے حوالے سے اجلاس بھی ہوا۔ادھر خیبرپختونخوا میں متاثرین کی تعداد 6ہزار662تک پہنچ گئی ، محکمہ صحت سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز ڈینگی وائرس سے پشاور میں 7، سوات7، بونیر ایک، دیر لوئر ایک، صوابی 4، مردان3، ہری پور2، ایبٹ آباد2، کوہاٹ3، کرک2 اور ڈی آئی خان میں 5افراد متاثر ہوئے ہیں، ڈینگی وائرس سے متاثرہ 91افراد ہسپتالوں میں زیر علاج ہے ۔