لاہور،کراچی ( اپنے خبر نگار سے ،نمائندہ 92 نیوز)کراچی میں ڈینگی وائرس نے ایک اور مریض کی جان لے لی ہے ، رواں سال ڈینگی سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 36 ہو گئی ہے ۔42 سالہ محمد شاہد لیاقت آباد کا رہائشی تھا ۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 193 کیسز بھی سامنے آئے ۔ پنجاب کے تمام ہسپتالوں میں ڈینگی کل75کنفرم مریض زیر علاج ہیں اور چوبیس گھنٹوں میں پنجاب میں 9نئے مریض سامنے آئے جبکہ 11مریض ڈسچارج ہوئے ہیں، راولپنڈی 5 ،لاہور ، اٹک ، فیصل آباد اور ڈی جی خان 1،1 کیس سامنے آیا ہے ،گزشتہ روز محکمہ صحت کی ٹیموں نے پنجاب بھر میں 261643ان ڈور اور85650آؤٹ ڈور مقامات کوچیک کیا جبکہ60 مقامات سے لاروا تلف کیا گیا، ڈینگی لاروا کی موجودگی اور غفلت برتنے پر9کمرشل مقامات کے خلاف مقدمات درج کیے گئے اور 2 مقامات کو سیل کیا گیا ہے ،717افراد کو وارننگ جاری کی گئی جبکہ خلاف ورزی پر ایک شخص گرفتار کیا گیا۔