لاہور،راولپنڈی ،ملتان،رحیم یارخان ، پشاور ( جنرل رپورٹر،اپنے سٹاف رپورٹر سے ،کر ائم ر پو ر ٹر،اپنے رپورٹر سے ،سپیشل رپورٹر،خصوصی رپورٹر،خبرنگار)ملک بھر میں ڈینگی بدستور بے قابو ہونے کے نتیجہ میں مزید سینکڑوں افراد مرض کی لپیٹ میں آگئے جبکہ ایک خاتون جاں بحق ہوگئی۔گزشتہ روزراولپنڈی کے بینظیر بھٹو ہسپتال میں زیر علاج ڈینگی کی مریضہ فوزیہ نے دم توڑ دیا۔پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 204 افراد ڈینگی بخار میں مبتلا ہوگئے ۔ راولپنڈی سے 140،لاہورسے 24،سرگودھا اور فیصل آباد سے 4،4،منڈی بہائوالدین سے 5 ،بھکر، بہاولپور، رحیم یار خان، گوجرانوالہ سے 2،2 ، بہاولنگر، سیالکوٹ،ملتان، حافظ آ باد سے 3،3 ڈینگی کے نئے کیس سامنے آگئے ۔پنجاب میں رواں برس ڈینگی مریضوں کی تعداد 5650 ہوگئی،زیر علاج 2 مریضوں کی حالت نازک ہے ۔گزشتہ روز پنجاب میں ڈینگی لاروا کی موجودگی پر 124کمرشل مقامات کیخلاف مقدمات درج ہوئے اور 37افراد کوگرفتار کرلیاگیا۔لاہور میں ڈینگی لاروا کی چیکنگ کرنے کی پادا ش میں مصری شاہ میں خاتون ڈینگی ورکر شمائلہ کو ایک گھر کے مالکان نے مبینہ طور پر تشددکا نشانہ بنا یا ۔ زخمی شمائلہ کو کوٹ خواجہ سعید ہسپتال پہنچادیا گیا۔ ساتھی ڈینگی ورکرز نے ایف آئی آر درج کرانے کیلئے تھانہ مصری شاہ کے باہر احتجاج کیا ۔ بعدازاں پو لیس نے مقد مہ درج کر کے 2 ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ضلعی انتظامیہ لاہور کے افسروں نے ڈینگی کے حوالے سے دورے اور اجلاس کئے ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صفدر حسین ورک نے یو سی 82 کا دورہ کیا۔ڈی سی لاہور کی ہدایت پراے سی رائیونڈ عدنان بدر نے ڈینگی اور صفائی ستھرائی کو چیک کرنے کے لئے یو سی 268 اور فضل پبلک ماڈل سکول پاجیاں کا دورہ کیا۔ادھرخیبر پختونخوا کے 11 اضلاع میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 89افراد ڈینگی وائرس کا شکار ہوگئے ۔