نیویارک (آئی این پی ) معروف امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے دعو یٰ کیا ہے کہ یو اے ای کے شہزادہ شیخ راشد بن حمد الشرقی نے قطر میں سیاسی پناہ مانگ لی، ابو ظہبی کے حکمران سے اختلافات کے سبب جان کو خطرہ ہے ۔ بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے رپورٹ کیا کہ متحدہ عرب امارات کے شہزادے شیخ راشد بن حمد الشرقی نے خلیجی ریاست قطر پہنچ کر سیاسی پناہ کی درخواست دے دی ہے ۔ پرنس الشرقی متحدہ عرب امارات میں شامل ریاست فجیرہ کے امیر کے بیٹے ہیں، وہ سولہ مئی کو قطری دارالحکومت دوحہ پہنچے تھے ۔ الشرقی کا کہنا ہے کہ انہیں اپنی جان کا خطرہ ہے کیونکہ ابو ظہبی کے حکمران سے وہ بعض معاملات پر شدید اختلاف رکھتے ہیں۔ قطر کے اپنی ہمسایہ ریاست یو اے ای کے ساتھ گزشتہ برس سے سفارتی تعلقات منقطع ہیں۔