کراچی(کامرس رپورٹر) یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی)کی قیادت نے فیڈریشن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی) میں 2020سے 2022تک کیلئے صدارتی امیدواروں کے نامو ں کا اعلان کردیا۔جمعرات کو مقامی ہوٹل میں یو بی جی کے چیئرمین افتخار علی ملک اور سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے یو بی جی کی مرکزی کورکمیٹی سے مشاورت کے بعد 28دسمبر2019 کو ایف پی سی سی آئی کے سال2020کے انتخابات کیلئے سیالکوٹ کے معروف بزنس مین ،ڈاکٹر نعمان ادریس بٹ کو صدارتی امیدوار اور معروف بلڈراورڈیویلپرحنیف گوہر کو سینئرنائب صدر کا امیدوار نامزد کردیا ہے ۔یو بی جی کے لیڈران نے سال2021کیلئے سندھ کے کوٹے پرخالدتواب کو صدارتی امیدوار نزمد کرنے کا اعلان کیا ہے اسی طرح 2022 کیلئے راولپنڈی کے سہیل الطاف کو فیڈریشن چیمبر آف کامرس کے انتخابات کیلئے یو بی جی کا صدارتی امیدوار نامزد کرنے کا اعلان کردیا ہے ۔یو بی جی کے مرکزی ترجمان گلزارفیروز کے مطابق یونائٹیڈ بزنس گروپ کی اعلیٰ قیادت نے اتفاق رائے سے تین سال کیلئے صدارتی امیدوار نامزد کئے ہیں اور یہ تینوں صدارتی امیدوار حکومت کو تین سالہ معاشی پلان بھی مرتب کرکے دیں گے ۔