اسلام آباد،اقوام متحدہ،لندن،سرینگر ،ملتان (سپیشل رپورٹر ،وقائع نگار،ندیم منظور سلہری سے ،92 نیوزرپورٹ ،جنرل رپورٹر،کے پی آئی،ایجنسیاں) پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم استحصال کشمیر آج منایا جائے گا،مقبوضہ جموں وکشمیر میں غیرقانونی بھارتی اقدامات کو دو سال مکمل ہونے پرپاکستان سمیت دنیابھر میں بھار تی سفارتخانوں کے باہر مظاہرے ،دھرنے ہونگے اورتقریبات منعقد کی جائینگی۔پاکستان نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کے صدر کو خط میں کہا کہ بھارت غیرقانونی اقدامات اور جبر واستبداد سے کشمیریوں کو دبانا اور ان کے استصواب رائے کے حق کو چھیننا چاہتا ہے ،،بھارت 5اگست کے غیر قانونی اقدامات واپس لے ،سلامتی کونسل بھارت کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی اور تخریبی سرگرمیوں سے روکے اور کشمیریوں سے حق خودارادیت کے وعدے کو پورا کرے ۔ پاکستان سمیت دنیا بھر میں بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے 5اگست 2019کو اٹھائے گئے یکطرفہ اقدام کے خلاف آج یوم استحصال کشمیر منایاجائے گا۔صبح 9بجے ایک منٹ کے لئے ٹریفک روک دی جائے گی جبکہ ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔ لندن ، پیرس، برسلز، واشنگٹن اور کئی یورپی ممالک میں بھارتی سفارتخانوں کے سامنے کشمیری آج احتجاج کریں گے ۔کنٹرول لائن کے دونوں اطراف ، پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آ ج یو م سیاہ منائیں گے ۔دریں اثنا وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کے صدر کو خط میں کہا کہ بھارت غیرقانونی اقدامات اور جبر واستبداد سے کشمیریوں کو دبانا اور ان کے استصواب رائے کے حق کو چھیننا چاہتا ہے ،سلامتی کونسل بھارت کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی اور تخریبی سرگرمیوں سے روکے اور کشمیریوں سے حق خودارادیت کے وعدے کو پورا کرے ۔ خط میں وزیرخارجہ نے مقبوضہ جموں وکشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال سے آگاہ کیا اور کہا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں اپنے نوآبادیاتی غیرقانونی قبضے کو مستحکم بنانے کیلئے بھارت نے غیر قانونی اقدامات کئے ۔وزیر خارجہ نے مطالبہ کیا کہ سلامتی کونسل بھارت کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی اور تخریبی سرگرمیوں سے روکے ،تنازع جموں وکشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کیاجائے ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت 5 اگست 2019کے یک طرفہ اور غیرقانونی اقدامات واپس لے ،سلامتی کونسل بھارت سے ان اقدامات پر عمل درآمد کا مطالبہ کرے اور سلامتی کونسل کشمیریوں سے حق خودارادیت کے وعدے کو پورا کرے ۔ اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کے ساتھ امن چاہتے ہیں لیکن یہ کام کشمیریوں کی قربانی دینے کی قیمت پر نہیں ہوگا، پاکستان پوری طرح کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہے ۔وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت نے جموں وکشمیر میں ہٹلر جیسا آمرانہ وجابرانہ قدم اٹھایا۔ حتی کہ کورونا وائرس کی وبا میں بھی کشمیریوں کو زرہ برابر رعایت نہیں دی جارہی۔ادھر وزارتِ خارجہ میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کی گیارہویں نیشنل میڈیا ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کو ہائبرڈ وار فیر کا سامنا ہے ۔ہم افغانستان میں امن و استحکام کے خواہاں ہیں۔ کشمیر پر پاکستان کے بیانیے کی ترویج اور منفی بیانیے کی حوصلہ شکنی ہمارے پاکستانی میڈیا کے ذریعے ہو رہی ہے اسے مزید موثر بنانے کی ضرورت ہے ۔ افغانستان پر ہمارے اور امریکہ کے نکتہء نظر میں ہم آہنگی پائی جاتی ہے ۔ یوم استحصال پراپنے پیغام میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ 5 اگست 2019 جیسے غیر قانونی اقدامات کشمیری عوام کے جذبے کو توڑنے میں ناکام ہو چکے ہیں، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق جموں و کشمیر کے تنازعہ کا منصفانہ اور پرامن حل جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے ناگزیر ہے ، عالمی برادری کو بھارت پر زور دینا چاہیے کہ وہ جبر اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مہم کو ختم کرے اور اپنے تمام غیر قانونی اقدامات کو واپس لے ۔ یوم استحصال کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت اپنے جابرانہ تسلط کو برقرار رکھنے کے لئے تمام غیر قانونی اقدامات کے باوجود کشمیری عوام کے عزم صمیم کو متزلزل نہیں کرسکا، پاکستان ، کشمیری عوام اور بین الاقوامی برادری نے بھارتی غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو بھرپور انداز میں یکسرمسترد کیا ہے ،کشمیری عوام کے خلاف جرائم پربھارت کا محاسبہ کیا جائے ، ہم جموں وکشمیر تنازعہ کے منصفانہ حل تک ان کی ہر ممکنہ معاونت جاری رکھیں گے ۔اپنے پیغام میں چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی بد ترین پامالی کی مثال قائم کی۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے ٹوئٹرپربیان میں انہوں نے کہا کہ فرق سادہ ہے ۔ہم چاہتے ہیں کہ دنیا دیکھے کہ آزاد کشمیر میں کیا ہو رہا ہے اور وہ بھارتی مقبوضہ کشمیر میں کیا ہو رہا ہے اسے چھپانا چاہتے ہیں۔وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے خصوصی پیغام میں کہا کہ آج جدوجہد آزادی کو سلام عقیدت پیش کیا جائے گا جو کشمیری عوام نے پچھلے 70 سال سے جاری رکھی ہے ۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پیغام میں کہا کہ بدنامِ زمانہ آر ایس ایس کا وہ متعصبانہ نظریۂ کامیاب نہیں ہوگا، فاشسٹ مودی جس کا پیروکار ہے ، جبکہ مسئلہ کشمیر صرف رائے شماری کے ذریعے ہی حل ہوگا۔ قائد حزب اختلاف سینیٹ وسابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ، پاکستان کشمیر پر اپنے اصولی مؤقف سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔ ۔مسلم لیگ ن کے نائب صدر اور پنجاب اسمبلی میں قاید حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا کہ ہندوستان مظلوم کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑنا بند کرے اور مذاکرات کی میز پر آئے ۔قائد تحریک آزادی کشمیر سید علی گیلانی نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ آج کی ہڑتال کرنے پر مقبوضہ کشمیر کے تاجروں کو دھمکی دی گئی کہ اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ کشمیر پولیس کا ایک نیا ہتھکنڈا ہے ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام بھارتی ہائی کمیشن کے باہر احتجاج ہوگا۔ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے مقامی ہوٹل میں سیمینار ہوگا صدر مملکت عارف علوی، چیئرمین کشمیر کمیٹی، صدر آزاد کشمیر شرکت کریں گے کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کو اجاگر کرنے کیلئے ڈی چوک پر کشمیر گیٹ لگایا جائیگا۔