اسلام آباد(نامہ نگار)وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ کشمیر کے مسئلہ کے حل کیلئے ہر ممکنہ کوششیں کریں گے ، اس سلسلہ میں ’’رن فار کشمیر ٹیلی میراتھن‘‘ کرائی جائے گی، جس کا پہلے مرحلے میں آغاز اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں سے کریں گے ،۔وزارت امور کشمیر وگلگت بلتستان میں ٹیلی میراتھن کے حوالے سے جائزہ اجلاس کے بعدمیڈیا کو بریفنگ میں وفاقی وزیرنے تمام اہل وطن سے اپیل کی کہ وہ ٹیلی میراتھن میں بھرپور شرکت کریں۔قبل ازیں کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے حوالے سے میراتھن کی تیاریوں کے حوالے سے وزارت امور کشمیر میں اجلاس وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین گنڈاپور کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں ’’ رن فار کشمیر ‘‘ ٹیلی میراتھن کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔حکام نے بتایا کہ ٹیلی میراتھن کو14اگست کو باضابطہ لانچ کیا جائے گا۔وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ کشمیریوں کیلئے ٹیلی میراتھن کی لانچنگ خوش آئند ہے ۔ چیئرمین کشمیر کمیٹی نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں اس نیشنل کاز میں بھرپور شرکت کریں۔