کراچی، مکہ مکرمہ (صباح نیوز)رواں سال کے پہلے مکمل چاند گرہن ’’سپربلڈ وولف مون‘‘کا نظارہ افریقہ،یورپ ،جنوبی اور شمالی امریکہ کے ملکوں میں دیکھا گیا۔چاند گرہن پاکستان اور بھارت میں نظر نہیں آیا۔ اب 2021 میں ہی دوبارہ مکمل چاند گرہن دیکھا جاسکے گا۔چاند گرہن پاکستانی وقت کے مطابق صبح 7 بج کر 36 منٹ پر شروع ہواجبکہ مکمل چاند گرہن صبح کے پونے دس بجے ہوا جو 11 بج کر 45 منٹ تک رہا۔سپر بلڈ وولف مون کا دورانیہ 62 منٹ تک رہا۔جنوری کے پہلے مکمل چاند کو وولف سپر مون کا نام دیا گیا ہے ۔اس گرہن میں چاند زمین کے قریب آجاتا ہے اور سْرخ رنگ کا دکھائی دیتا ہے ۔چاند کا زمین کے قریب آنا اور معمول سے بڑا نظر آنا،سپر مون کہلاتاہے جبکہ سورج کی روشنی کے باعث سرخ نظر آنے پر چاند بلڈ مون کہلاتا ہے ۔علم ِ فلکیات کے مطابق ایک سپر مون اس وقت رونما ہوتا ہے جب چاند ، سورج کی مخالف جانب زمین کے ساتھ ایک ہی لائن میں آجاتا ہے ، جسے ماہرین ِ فلکیات نے ’’ پیریگی سیزائگ’’ یا سپر مون کا نام دیا ہے ۔دریں اثناء مکہ معظمہ میں چاند گرہن کے موقع پر مسجد الحرام میں نماز خسوف ادا کی گئی ۔ذرائع کے مطابق صلوٰۃ خسوف پیر کی صبح نماز فجر کے بعد 6 بجکر 33 منٹ پر ادا کی گئی، اطلاع حرمین کی انتظامیہ نے رات کو مسجد اور ٹوئٹر پر جاری کر دی تھی۔سعودی عرب سمیت دبئی اوردوسرے خلیجی ممالک میں چاند گرہن پیر کی صبح کو جزوی طور نظر آیا تھا۔