واشنگٹن(این این آئی)امریکہ سے شائع ہونے والے ایک مقبول جریدے نے یورپی یونین کی جانب سے ایران کی حمایت پر سخت تنقید کی ہے ۔ جریدے کے مطابق اس سارے کھیل تماشے کا مقصد ایران کو امریکی پابندیوں سے بچانا ہے ،رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یورپی ملکوں اور ایرانی رجیم کے درمیان ہمدردی کے جذبات دراصل تہران کو زوال سے بچانے میں اس کی مدد کی ایک کوشش ہے ۔ رپورٹ کے مطابق یورپی ممالک ایرانی رجیم سے بڑھ کر ایران کے ساتھ طے پائے 2015ء کے معاہدے کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ حالانکہ 5 نومبر کو امریکہ کی طرف سے ایران پر اقتصادی پابندیوں کے دوسرے مرحلے کے نفاذ کے بعد ایران کی جوہری ڈیل کو بچانا بہت مشکل ہو چکا ہے ۔ کئی بڑی عالمی کمپنیاں ایران سے نکل چکی ہیں اور بہت سی اپنا کام اور کاروبار بند کرچکی ہیں۔جریدے کے مطابق یورپی مماللک ایران کو متبادل مالیاتی نظام کا آئیڈیا دے رہے ہیں۔اس نظام کے تحت عالمی کمپنیوں کو امریکی پابندیوں کے اثرات سے بچانا ہے ۔اخباری رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتوں کے دوران یورپی ملکوں نے ایران کے ساتھ مل کر پابندیوں کو مسترد کرنے کا کھیل شروع کر رکھا ہے ۔