اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر)پاکستان کی حکومت اور عوام نے یورپی یونین کے رکن ممالک اور انکے عوام کو یورپ ڈے کی 71 ویں سالگرہ کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کی ہے ۔ دفتر خارجہ کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق یورپ کی 71 ویں سالگرہ کے موقع پر وزیراعظم عمران خان نے یورپی کمیشن کے صدر ارسولا وان ڈیر لیین کے نام تہنیتی مراسلہ ارسال کیا۔وزیر خارجہ رابرٹ شمان اور بیلجئم، اٹلی، لکسمبرگ، نیدرلینڈز اور مغربی جرمنی کے رہنماؤں کے وژن کی تعریف کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے اس بات پر زور دیا کہ شمان اعلامیہ امن، خوشحالی اور یورپی اتحاد کا راستہ بن گیا ہے ۔ یورپ ڈے یورپ میں امن و اتحاد کے طور پر منانے کا موقع ہے ۔ وزیر اعظم نے مزید زور دیا کہ معاشی مفاد کو شامل کرنا اور یورپی ممالک کے مابین تجارت میں باہمی انحصار پیدا کرنا ایک پرامن، متحد اور خوشحال یورپ کا باعث ہے ۔یورپ میں امن، خوشحالی اور استحکام نے بھی دنیا کے دوسرے خطوں میں خوشحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے اوریورپی یونین آج تعاون اور یکجہتی کی علامت بن چکی ہے ۔پاکستان کے یورپی یونین اور اسکے تمام ممبر ممالک کیساتھ بہترین تعلقات قائم ہیں جو جمہوریت اور اجتماعیت کی باہمی افہام و تفہیم، احترام اور مشترکہ اقدار پر مبنی ہیں۔ پاک یورپ سٹرٹیجک منصوبہ بندی مختلف شعبوں میں تعاون کاادارہ جاتی فریم ورک سیاسی، معاشی، سلامتی، موسمیاتی تبدیلی، سبز توانائی اور نقل مکانی اور نقل و حرکت کے شعبوں میں تعاون کے مواقع فراہم کرتا ہے ۔ پاکستان یورپی یونین اور اسکے رکن ممالک کیساتھ اپنے کثیر الجہتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے کوششیں جاری رکھے گا۔