برسلز ، واشنگٹن (این این آئی)یورپین یونین نے نئے منتخب امریکی صدر جو بائیڈن کے ساتھ ملکر عالمی تبدیلی کے لئے ایک نئے ایجنڈے کی تجویز دی ہے ۔یہ تجویز یورپین خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل نے ایک آن لائن پریس کانفرنس میں پیش کی۔ جوزپ بوریل نے کہا کہ ہم تعاون کی ٹھوس تجاویز کے ذریعے نو منتخب امریکی صدر جو بائیڈن اور ان کی انتظامیہ کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ آئیے پیچھے کی بجائے آگے دیکھیں اور اپنے تعلقات کو بحال کریں۔آئیے ایسی شراکت داری شروع کریں جو ہمارے اور ساری دنیا کے لوگوں کیلئے خوشحالی، استحکام، امن اور تحفظ لیکر آئے ۔ اس ایجنڈے میں تعاون کیلئے 4 بڑی باتیں تجویز کی گئی ہیں، جس میں صحت مند دنیا، زمین کے تحفظ، تجارت اور ٹیکنالوجی میں قیادت اور سلامتی کیلئے عالمی ایکشن شامل ہیں۔ایجنڈے میں مزید کہا گیا ہے کہ یورپ اور امریکہ پہلے ہی سے مستحکم اور محفوظ مشرق وسطیٰ، شمالی افریقہ اور ساحل کے بارے میں سٹریٹجک دلچسپی رکھتے ہیں۔اس کا مطلب ہے کہ علاقائی تنازعات، طاقت کے مقابلے اور باہر کی طاقت ور قوتوں کے تنگ کرنے والے رویئے کے خلاف ملکر کام کیا جائے ، امریکہ اور یورپ نے ملکر مستحکم اور پر امن افغانستان کیلئے بہت سرمایہ کاری کی ہے ، اس لئے یہ یقینی بنانے کی ضرورت ہے کہ افغانوں نے جو کچھ حاصل کیا ہے وہ افغانوں کے اندرونی مذاکرات اور اس کے نتائج کے باوجود قائم رہے ۔