اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی، 92 نیوزرپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ یورپی یونین کے ساتھ سٹریٹجک معاہدہ اہم پیشرفت ہے ۔برسلز روانگی سے قبل میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کل برسلز میں پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان سٹریٹجک معاہدے پر دستخط ہوں گے ۔اس معاہدے سے ہمارایورپی یونین کیساتھ طویل المدتی تعاون کاآغاز ہو رہا ہے ۔انہوں نے کہا نیٹو سیکرٹری کے ساتھ ملاقات بھی طے ہے ۔ دہشت گردی کیخلاف جدوجہدمیں ہماراکلیدی کردار رہا ہے اورنیٹو اس کا معترف بھی ہے ۔ پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات پرانے اور گہرے ہیں ۔ پاکستان اور یورپی یونین ایک دوسرے کی مدد کرتے رہے ہیں۔ افغانستان کے معاملات میں ہم نے امریکی اورنیٹو فورسزکی بے پناہ مددکی۔ اب انشااﷲ مستقبل میں ایک نئی سمت میں آگے بڑھنے کا ارادہ ہے ۔