پیرس (سپورٹس ڈیسک) دفاعی چیمپئن فرانس اور کروشیا کی ٹیمیں فتوحات برقرار رکھتے ہوئے ڈیوس کپ ٹائی ورلڈ گروپ فائنل میں پہنچ گئیں۔ سیمی فائنلز میں دفاعی چیمپئن فرانس نے سپین کو 3-2 سے ہرا کر فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا جبکہ کروشیا نے امریکہ کو 3-2 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی، 2-2 سے مقابلہ برابر ہونے کے بعد کروشین کھلاڑی بورنا کورک نے پانچویں اور آخری میچ میں امریکن کھلاڑی فرانسز تیافوئے کو 4 گھنٹے تک جاری رہنے والے کانٹے دار مقابلے کے بعد زیر کر کے ٹیم کو 3-2 سے کامیابی دلا کر فائنل میں رسائی حاصل کی۔ فائنل 23 سے 25 نومبر تک کھیلا جائے گا۔