فیصل آباد(ذیشان خان) یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن میں کرپشن کی انکوائریاں دبانے کیلئے اعلی افسران کی طرف سے دباؤ ڈالا جانے لگا۔فیصل آباد روڈ چنیوٹ پر واقع یوٹیلٹی سٹورپر چھاپہ مار کر اس کا ریکارڈ چیک کیاگیا تو21 لاکھ 56 ہزار788 روپے کا گھپلا سامنے آگیا جس پر زونل منیجر انور بلوچ نے سٹور انچارج کو چارج شیٹ کرکے پیش ہونے کے احکامات جاری کئے ۔بعد ازاں جونیئر ریکارڈ کیپر اور جونیئر اکاؤنٹ کلرک کے بھی گھپلے میں ملوث ہونے کے شواہد ملے جبکہ 7 فروری 2019 کوانکوائری میں یہ بات سامنے آئی کہ اس سے قبل سینئر سٹور منیجر امیر مختار کی تعیناتی کے دوران بھی مذکورہ سٹور کی تین بار چیکنگ کی گئی ۔ذرائع کے مطابق سٹور میں لاکھوں روپے کی کرپشن پرسٹور انچارج و دیگر ملازمین کے ملوث ہونے کی انکوائری کے دوران کارپوریشن کے اعلی افسران کی جانب سے افسروں پر انکوائری ٹھپ کرنے کیلئے دباؤ ڈالا جانے لگا ۔انکوائری داخل دفتر نہ کرنے پر 12 فروری کوجی ایم (ڈسپلن / انکوائری )طارق شمشیر اختر نے انکوائری فوری بند کرنے کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا ۔ذرائع نے مزید بتایا کہ کئی ماہ چلنے والی انکوائری کے دوران ملازمین کی جانب سے لاکھوں روپے کی کرپشن کے اقرار کے باوجودکارپوریشن کے اعلی افسران فراڈیے ملازمین کو بچانے کی کوشش میں ہیں جس سے دیانتدار ملازمین میں شدید بد دلی پھیلی ہوئی ہے ۔ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن