اسلام آباد ،لاہور، مظفرآباد ، کراچی ، سرینگر،لندن (وقائع نگار،خصوصی نیوزرپورٹر، 92 نیوزرپورٹ ،وقائع نگار،سٹاف رپورٹر،نامہ نگار،اپنے سٹاف رپورٹر سے ، نمائندگان 92 نیوز ) مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست 2019 کے بھارتی غیر آئینی اقدام کے خلاف پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم استحصال منایا گیا، ریلیاں نکالی گئیں ،احتجاجی مظاہرے کئے گئے ،تقاریب کا انعقاد کیا گیا اور کشمیری عوام سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا گیا ، وزیراعظم مودی کے پتلے اور بھارتی پرچم نذرآتش کئے گئے اور بھارتی حکومت کیخلاف شدید غم وغصے کا اظہار بھی کیا گیا ،صدر مملکت نے کہا کہ بھارت نے آبادی کا تناسب تبدیل کرنا اسرائیل سے سیکھا،کشمیریوں کا ساتھ دیتے رہیں گے ،پاکستان امن ، مقبوضہ کشمیر کی آزادی چاہتا ہے ۔تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں شہر شہر، گلی گلی مظلوم کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا اور کئی مقامات پر سائرن بجائے گئے اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ وزارتِ خارجہ سے ڈی چوک تک ریلی نکالی گئی جسکی قیادت وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کی۔ ریلی میں وزیر امورِ کشمیر اور دیگر وزرا نے بھی شرکت کی، ریلی وزیراعظم سیکرٹریٹ پہنچی تو صدر عارف علوی، چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، سینیٹر فیصل جاوید اور اراکین پارلیمنٹ بھی شامل ہو ئے ۔ وزیراعظم سیکرٹریٹ سے ڈی چوک تک ریلی کی قیادت صدرپاکستان نے کی۔ ریلی میں سول سوسائٹی، میڈیا اور عوام کی کثیر تعداد بھی شامل تھی۔ صدر عارف علوی نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کا ساتھ دیتا رہے گا ، بھارت نے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے ، بھارت کی ہندوتوا حکومت کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہی ہے ، کشمیر کی معیشت کو 4 ہزار ارب ڈالر کا نقصان ہو چکا ہے ، بھارت نے کشمیریوں پر ظلم کرنے کیلئے پیلٹ گن کا استعمال اسرائیل سے سیکھا ، انہوں نے مطالبہ کہا کہ بین الاقوامی برادری عالمی میڈیا کو مقبوضہ کشمیر میں رسائی دے ، انہوں نے کہا کہ کبھی کبھی کچھ تصاویر سامنے آتی ہیں تو رونا آتا ہے ، معصوم نواسے کے سامنے اس کے نانا کو شہید کیا گیا ، او آئی سی بات کو سمجھے اور کشمیریوں کا ساتھ دے ۔ شاہ محمود نے کہا کہ ریلی عوام کا کشمیر سے متعلق ریفرنڈم ہے ۔ سینیٹر شبلی فراز اور سیکرٹری اطلاعات و نشریات اکبر حسین درانی کی قیادت میں وزارت اطلاعات و نشریات اور ذیلی اداروں کی مشترکہ ریلی نکالی گئی ،شرکا سے خطاب کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ آج کے دن ہم عالمی برادری کو یہ باور کرانا چاہتے ہیں کہ جلد کشمیری آزادی کی سانسیں لیں گے ،قوم کشمیریوں کیساتھ ہے ۔ آزاد کشمیر بھر میں مظاہرے کئے گئے ،ریلیاں نکالی گئیں ،وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کی سربراہی میں سیاسی قیادت نے اقوام متحدہ مبصر مشن تک احتجاجی ریلی نکالی اور اقوام متحدہ کے مبصر مشن کو احتجاجی یادداشت پیش کی،میڈیا سے گفتگو میں راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ بھارت جبر ظلم کے تحت کشمیری عوام کو نہیں دبا سکتا ، پاکستان مسئلہ کشمیر کی بھر پور نمائندگی کے ساتھ اب جارحانہ پالیسی اختیار کرے ،مظفرآباد میں بھی منقسم کشمیری خاندانوں نے بھارت کے خلاف ریلی نکالی، شریک نوجوانوں نے ہاتھوں میں زنجیریں پہن رکھی تھی ۔ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے پی ٹی آئی نے کراچی تا سکھر ٹرین مارچ کیا جس میں سیاسی رہنماؤں سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔گورنرسندھ ٹرین مارچ کے شرکا کو الوداع کہنے کینٹ سٹیشن پہنچے ۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی قیادت میں سی ویو پر یوم استحصال کشمیر ریلی نکالی گئی ، ریلی میں گورنر سندھ اور تمام سیاسی رہنماؤں نے شرکت کی ۔ریلی میں ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے افراد اور سیاسی رہنماء بھی بڑی تعداد میں شریک تھے ،گورنر سندھ نے کہا کہ بھارت تمام تر مظالم کے باوجود مظلوم کشمیری عوام کو جھکانے میں ناکام رہا۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آزادی کا وقت اب زیادہ دور نہیں۔ ق لیگ نے مسلم لیگ ہائوس لاہور سے پنجاب اسمبلی تک ریلی نکالی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ ریلی کی قیادت کامل علی آغا اور چودھری سلیم بریار نے کی ۔ مو لا نا فضل الرحمٰن کی اپیل پر ملک بھر میں جے یو آئی نے ریلیاں نکالیں ، احتجاجی مظاہرے کئے ،لاہور میں پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت مو لا نا محمد امجد خان،مولانا نعیم الدین اور دیگر نے کی۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث لاہور شہر کے زیر اہتمام راوی روڈ پرریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ادارہ پنجاب ایمپلائز سوشل سیکورٹی انسٹی ٹیوشن میں یوم استحصال بھرپور طریقے سے منایا گیا ۔ صوبائی وزیر وائلڈ لائف سید صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ کشمیر میں غلامی کی زنجیریں ضرور ٹوٹیں گی، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور دونوں ایک جسم اور جان کی مانند ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں لاہور چڑیا گھر میں ریلی سے خطاب کے دوران کیا ۔ آل پاکستان انجمن تاجران کی جانب سے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر مال روڈ پر احتجاجی ریلی نکالی گئی اس موقع پر لاہور بھر کی تاجروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ نعیم میر ،شاید نذیر اور سلیم ارشد نے کہا کہ تاجر برادری کشمیری عوام کی جدو جہد کو سلام پیش کرتی ہے ۔پشاور میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی قیادت میں ریلی نکالی گئی جس میں کابینہ ارکان اور ملازمین سمیت شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ انسانی حقوق کے عالمی ادروں کوکشمیرکی صورت حال کانوٹس لیناچاہیے ۔ کوئٹہ میں بھی صوبائی اسمبلی تک ریلی نکالی گئی ۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام کشمیری بھائیوں کے دکھ درد میں شریک ہیں۔حافظ آباد، شیخوپورہ، سیالکوٹ، قصور ، منڈی بہائوالدین ، پاکپتن، وہاڑی، ، اوکاڑہ، ساہیوال میں بھی یوم استحصال کشمیر کے موقع پر ریلیاں نکالی گئیں۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں مکمل ہڑتال کی گئی ،سڑکوں پر ٹریفک کی آمد و رفت معطل رہی، لوگوں کی نقل و حرکت روکنے کیلئے تمام مرکزی شاہراہیں خار دار تاروں سے سیل کردی گئی ہیں ۔ بھارتی اہلکارلاؤڈ سپیکروں سے اعلانات کر تے رہے جن میں لوگوں کو گھروں کے اندر رہنے کے لیے کہاجاتا رہا ۔ ادھر بیرون ملک مقیم کشمیریوں نے امریکہ ،برطانیہ اور دیگر ممالک کے دارلحکومتوں میں بھارتی سفارتخانوں کے باہر جمع ہو کر بھارتی اقدامات کے خلاف اپنا زبردست احتجاج ریکارڈ کرایا ۔ برطانیہ مودی ہٹلر کے نعروں سے گونج اٹھا،لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر کشمیری او ر انسانی حقوق تنظیموں نے مظاہرہ کیا ،بھارت کیخلاف شدید نعرے بازی کی ۔برمنگھم میں بھارتی قونصلیٹ کے سامنے پاکستانیوں اور کشمیریوں نے احتجاجی دھرنا دیا ، ٹاؤن ہال سے سٹی سنٹر تک ریلی میں خواتین وحضرات اور بچوں نے شرکت کی ۔ پیرس میں ایفل ٹاور کے سامنے کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی نے بھارت کے خلاف احتجاج کیا ۔ اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر کے سامنے پاکستانی، کشمیری اور سکھ کیمونٹی نے مشترکہ احتجاجی مظاہرہ کیا ۔مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت اوچھے ہتھکنڈوں کے زریعے کشمیریوں کی حق خودارادیت تحریک کو کچلنا چاہتا ہے لیکن وہ زیادہ دیر تک اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکتا ۔