لاہور،کراچی (اپنے رپورٹر سے ،نمائندہ خصوصی سے ، سٹاف رپورٹر ،کامرس رپورٹر )ملک بھر میں کل 73واں یوم آزادی بھرپورطریقے سے منایا جائیگا ،تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں ، ملک میں عام تعطیل ہو گی ۔تفصیلات کے مطابق یوم آزادی منانے کیلئے عوام میں کافی جوش وخروش پایا جا رہا ہے ، بازاروں میں سبز جھنڈیوں کی بہار ہے ، لوگ اپنے گھروں کو سجا رہے ہیں،عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے ،لاہور کی مختلف مارکیٹوں میں سبز ہلالی پرچم ، شرٹس، ٹوپیاں اور بیجز وغیرہ کے سٹالوں میں بھی اضافہ ہو گیا ، بچوں میں جوش وخروش قابل دید ہے ۔ تمام بینک ، مالی ادارے اور مائیکرو فنانس بینک کل بند رہیں گے ،جمعہ کے ساتھ ہفتہ اور اتوار کی تعطیلات کی وجہ سے بینک اور مالیاتی ادارے تین روز کے بعد پیر کو دوبارہ کھلیں گے ۔ پنجاب حکومت نے جشن آزادی کورونا ایس او پیز کو مدنظر رکھتے ہوئے شایان شان انداز میں منانے کیلئے ترجیحات کا تعین کر دیا، صوبائی اداروں ، ضلعی حکام کو گائیڈ لائنز جاری کر دی گئیں، چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ ، سیکرٹری اطلاعات ، سیکرٹری سکولز ، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن، دونوں صوبائی سیکرٹری صحت، ڈپٹی کمشنر لاہور کے علاوہ دیگر نے شرکت کی ، اجلاس میں طے پایا کہ سول سیکرٹریٹ سمیت مال روڈ و دیگر مقامات پر موجود بلند عمارتوں پر چراغاں کیا جائیگا ، 13 اور14 اگست کی درمیانی شب جیلانی پارک ، مینار پاکستان سمیت 5مقامات پر حسب سابق آتش بازی کا مظاہرہ کیا جائیگا ، عوام کو شرکت کی اجازت نہیں ہو گی ، شرکا نے عوام سے درخواست کی کہ وہ کورونا کے خدشات کے باعث ریلیاں نہ نکالیں ۔