کراچی (سٹاف رپورٹر) یوم بحریہ آج 8 ستمبر کو ملی جوش وجذبے سے منایا جائیگا،پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفرمحمود عباسی نے یوم بحریہ کے موقع پراپنے پیغام میں کہا ہے یوم بحریہ ہمارے بحری ہیروزکی قربانیوں اورجذبے کو سراہنے کیلئے منایا جاتا ہے جنہوں نے 1965ء کی جنگ کے دوران حوصلے ،ہمت اوربہادری کا مظاہرہ کیا، یہ دن ہمارے غازیوں اورشہدا کے کارناموں اورکامیابیوں کی یاد دلاتا ہے ، انہوں نے کہا 7 اور 8 ستمبر 1965ء کی درمیانی شب پاک نیوی کے 7 بحری جہازوں پرمشتمل بیڑے نے آپریشن سومنات میں بھارتی بندرگاہ دوارکا پربمباری کی۔اس برق رفتار اوردرست کارروائی نے نہ صرف اہم ساحلی تنصیبات کو تباہ کردیا جس میں انڈین ایئرفورس کے لڑاکا طیاروں کوکراچی پرحملے کی رہنمائی کرنیوالے ہندوستانی ریڈاراسٹیشن اورریڈیو بیکن شامل تھے بلکہ ہندوستانی غرورکو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ اس روز بھارتی غرور کو خاک میں ملا چکے ۔ پاکستان نیوی آج خطے میں مضبوط بحری قوت مانی جاتی ہے ۔ ایڈمرل ظفرمحمود عباسی نے کہا کہ پاکستان نیوی حکومت کی سمندری شعبے پرتوجہ مرکوز ہونے اور2020ء کو’ ’بلیو اکانومی کا سال‘‘ قراردینے کے فیصلے کے عین مطابق مختلف اقدامات میں ہراول کردارادا کررہی ہے ۔ دریں اثنا چینی سفیریاؤجنگ نے نیول ہیڈکوارٹرز آکر نیول چیف ایڈمرل ظفرمحمودعباسی سے الوداعی ملاقات کی،نیوی ترجمان کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امورپرتبادلہ خیال کیا گیا ۔ نیول چیف نے خطے کی سکیورٹی میں پاک بحریہ کے کردارپرروشنی ڈالی، چینی سفیرنے سکیورٹی کے استحکام کیلئے پاک بحریہ کی کاوشوں کوسراہا۔ یوم بحریہ