راولپنڈی،اسلام آباد (92 نیوز رپورٹ، وقائع نگار، سپیشل رپورٹر، نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) ملک بھر میں 28مئی 1998 کو کئے گئے ایٹمی تجربات کی یاد میں یوم تکبیرملی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ اس روز کی مناسبت سے چھوٹے بڑے شہروں میں تقریبات منعقد کی گئیں۔یوم تکبیرپراپنے ٹویٹ میں ڈی جی آئی ایس پی آرمیجرجنرل بابرافتخارنے کہاپاکستان نے 28مئی 1998کوکامیابی سے ایٹمی تجربات کئے اوراس روز خطے میں طاقت کا توازن بحال کیا،28مئی کوکم ازکم جوہری صلاحیت حاصل کی تھی،مسلح افواج جوہری امورمیں’’خیال سے حقیقت تک‘‘شامل افرادکوسلام پیش کرتی ہے ۔ایٹمی پروگرام کے خالق،سائنسدانوں اور انجینئرزکوسلام ، سائنسدانوں اور انجینئرز کی انتھک کوششوں سے یہ سب ممکن ہوا،پاکستان زندہ باد۔یوم تکبیر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہا پاکستانی نے بھارتی جارحیت کا متوازن اور ذمہ دارانہ جواب دیا، پاکستان امن پسند ملک ہے ، ایٹمی طاقت کے طور پر ہمارا رویہ ذمہ دارانہ رہے گا، دنیا نے گزشتہ سال فروری میں بھارتی جارحیت کا مظاہرہ دیکھا، یہ خطرات ایک ہمسائے کے طرف سے خطے میں غلبہ حاصل کرنے کی خواہش کے باعث ہیں،جنوبی ایشیا کی موجودہ سکیورٹی صورتحال کا تقاضا ہے کہ پاکستان خطرات سے متعلق چوکنا رہے ،بھارت پر دقیانوسی اور انتہا پسندانہ سوچ والوں کی حکومت ہے ،کنٹرول لائن پر حالیہ کشیدگی مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم سے عالمی توجہ ہٹانے کی کوشش ہیں،بھارت کے 5 اگست کے اقدام میں جنوبی ایشیا کی صورتحال کو مزید غیریقینی بنا دیا ہے ۔اپنے بیان میں چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے کہاپاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے اور ایٹمی صلاحیت نے خطے میں طاقت کے توازن کو قائم کیا، ہماری افواج کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے کہاپاکستان کے ایٹمی پروگرام کی بنیاد شہید ذوالفقار علی بھٹو نے رکھی اور اسی ایٹمی پروگرام نے آگے چل کر پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیا،یہ دن ہماری قومی تاریخ کا وہ سنہرا دِن ہے ۔