لاہور ،فیصل آباد/ملتان (اے پی پی،سپیشل رپورٹر) لاہور سمیت ملک بھر میں 20 واں یوم تکبیر بھر پور طریقے سے منا یا گیا۔ اس موقع پر یوم تکبیر کی 20ویں سالگرہ کے سلسلہ میں صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے تمام ڈویژنل ، ضلعی، تحصیل، سٹی ہیڈکوارٹرز پرمختلف سیاسی ، دینی ،مذہبی ،عوامی جماعتوں کی جانب سے جلسے ، جلوس، سیمینارز منعقد کئے گئے جن میں پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے والے سائنسدانوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا ۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے زیر اہتمام بھی پاکستان کے ایٹمی قوت بننے کی 20 ویں سالگرہ کے سلسلہ میں دعائیہ تقریبات بھی منعقد کی گئیں۔پیر کی مبار ک صبح کا آغاز نماز فجر کے بعد ملک بھر کی مساجد میں قرآن خوانی کے علاوہ پاکستان کی سلامتی و استحکام ، آئین کی سربلندی کیلئے خصوصی دعا ؤں سے کیا گیا ۔ملتان میں مسلم لیگ (ن) ٹریڈرزونگ کے زیر اہتمام یوم تکبیر کے موقع پر کیک کاٹا گیا ا ور ملکی سلامتی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ اس موقع پر جعفر علی شاہ نے کہا ہے کہ نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیا ہے اُن کا یہ کارنامہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جا چکا ہے ۔میاں نواز شریف 2018 کے عام انتخابات کے ذریعے ایک بار پھر ملک کے وزیر اعظم ہونگے قوم اُنہیں آج بھی اپنا ہیرو اور لیڈر مانتی ہے ۔وہاڑی میں بھی 20واں یوم تکبیر ملی جوش وجذبہ کے ساتھ منا یا گیا،صوبائی وزیر زاعت نعیم اختر خان بھا بھہ،ممبر پبلک اکا ؤ نٹس کمیٹی پنجاب میاں ثاقب خورشید ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کو ایٹمی دھماکے کرنے پر خراج تحسین پیش کیا اور کہاکہ نوا زشریف نے امریکی دباؤ کو پس پشت ڈال کر پا کستان کو ایٹمی قوت بنادیا تھا ۔