اسلام آباد،راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی،سپیشل رپورٹر،92نیوز رپورٹ)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کشمیر کو تکمیل پاکستان کا نامکمل ایجنڈا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کشمیر کیلئے آخری گولی، آخری سانس اور آخری سپاہی تک لڑنے کے لیے تیار ہیں،کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے ،کشمیریوں اور پاکستانیوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں،پاکستان کشمیریوں کو کبھی تنہا اور حالات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑے گا، مادروطن کے لیے کسی قربانی سے دریغ کیا نہ آئندہ کریں گے ،جب تک وطن کے جاں نثار موجود ہیں کوئی پاکستان کو میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، پْرامن، مضبوط اور ترقی یافتہ پاکستان ہماری منزل ہے ،یوم دفاع و شہدا کی تقریب سے خطاب میرے لیے باعث فخرہے ، پاکستان کی بنیادوں میں شہیدوں کا خون شامل ہے ، شہدا کی قربانیاں رائیگاں گئیں نہ جائیں گی۔ یوم دفاع کے موقع پر شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مرکزی تقریب جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہوئی، تقریب کے آغاز پر قومی ترانہ پڑھا گیا جس میں تمام شرکا نے کھڑے ہوکر شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔یوم دفاع کی مرکزی تقریب میں بگل بجا کر شہدا کو سلام پیش کیا گیا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یادگار شہداء پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ پڑھی۔ تقریب میں غیرملکی سفارتکار، حکومتی ارکان اور اعلیٰ عسکری حکام بھی شریک ہوئے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہامسئلہ کشمیر اس وقت تک تکمیل پاکستان کا نامکمل ایجنڈا رہے گا جب تک اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نہ کرلیا جائے ،مقبوضہ کشمیرمیں بدترین ریاستی دہشتگردی جاری ہے ، نہتے اور مظلوم کشمیریوں پرظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں،کشمیر میں بھارتی ظلم و بربر یت بڑھتی جا رہی ہے ، مقبوضہ کشمیر میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کی مصیبتوں کا ادراک ہے ، آج کا کشمیر ہندوتوا کی پیروکار ہندوستانی حکومت کے ظلم و ستم کا شکار بن چکا ہے ، کشمیری خون ارزاں ہو چکا اور جنت نظیرکشمیر ظلم کی آگ میں جل رہا ہے ، موجودہ ہندوستانی قیادت نے مذہبی جنونیت، نفرت اور طاقت کے زعم میں کشمیریوں پر جو حملہ کیا ہے وہ بلا شبہ ہمارے لیے اور پوری عالم انسانیت کے لیے ایک آزمائش ہے ، کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عالمی تنظیموں کے لیے لمحہ فکریہ ہیں۔انہوں نے کہا دہشتگردی کے خلاف کامیاب جنگ دنیا کے لیے ایک مثال ہے ، دہشت گردی کے خلاف جنگ طویل تھی لیکن ہم اس میں کامیاب ہوئے ، دہشتگردی کے خلاف جنگ کی وجہ سے آج پاکستان میں امن کی فضا ہے ، پاکستان نے اپنی ذمہ داریاں بھرپو راندازمیں ادا کی ہیں، اب دنیا کی باری ہے کہ دہشتگردی کے ناسور کو پھیلنے نہ دیں۔دہشتگردی کے بعد اب ہماری جنگ غربت، معاشی پسماندگی اور بے روزگاری کے خلاف ہے ، چاہتے ہیں ہمارے شہیدوں کی قربانیاں رائیگاں نہ جائیں۔ خطے میں پاکستان کا کردارمثبت رہا ہے ، پاکستان نے ہمیشہ امن وسلامتی پر زور دیا، افغانستان میں امن واستحکام کے خواہاں ہے ، موجودہ افغان مصالحتی عمل میں بھی پاکستان کا بھرپورکر دار شامل ہے ،ہم نے ہمیشہ افغانستان میں پائیدار امن کی کوشش کی ہے اور افغانستان میں امن پاکستان میں امن کی ضمانت ہے ۔آرمی چیف نے افواج پاکستان اورقوم کی جانب سے غازیوں اورشہداء کے لواحقین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا جانتا ہوں آپ کے دکھوں کا کوئی بدل نہیں لیکن آپ کا حوصلہ ہمارے لیے مثال ہے ، پاکستانی زندہ اور تابندہ قوم ہے اورزندہ قومیں اپنے شہیدوں پر ناز کرتی ہیں، پوری قوم شہدائکو سلام پیش کرتی ہے ، شہید ہماری پہچان ہیں، اپنے شہیدوں کے خاندانوں کا حوصلہ دیکھ کر میرا اعتماد بڑھا ہے ،قیام پاکستان سے بقاء پاکستان کا سفر شہداء کی عظیم قربانیوں سے سجا ہوا ہے ، پورے یقین سے کہہ رہا ہوں ہمارے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، جب بھی ضرورت پڑی وطن کے بیٹوں نے لبیک کہا۔ اسلام آباد ، راولپنڈی ، لاہور(رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان،نیوز ایجنسیاں)ملک بھر میں یوم دفاعِ یوم یکجہتی کشمیر " کشمیر بنے گا پاکستان" کے نعرہ مستانہ کے ساتھ منایا گیا۔شہر شہر نگر نگر تقاریب اور ریلیوں میں شہدا کو بھرپورخراج عقیدت پیش کیا گیا۔یومِ دفاع پر وفاقی دارالحکومت میں دن کا آغاز 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا ۔ نماز فجر کے بعد مساجد میں ملکی سلامتی اور کشمیریوں کی آزادی کیلئے دعائیں کی گئیں۔ کراچی میں مزارقائدؒ پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی، پی اے ایف اصغرخان اکیڈمی کے کیڈٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھالے ، 55 کیڈٹس پرمشتمل دستے میں 5 خواتین کیڈٹس بھی شامل ہیں۔تقریب کے مہمان خصوصی ائیرآفیسر کمانڈنگ اصغرخان اکیڈمی ائیروائس مارشل حامد رشید تھے ۔لاہور میں مزار اقبالؒ پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی،مہمان خصوصی جی او سی لاہور میجر جنرل محمد آصف نے مزار پرپھولوں کی چادر چڑھائی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلم بند کئے ، پاک فوج کے چاک وچوبند دستے نے سلامی پیش کی۔سرکاری اداروں اور صوبائی دارالحکومتوں میں یوم دفاع اوریکجہتی کشمیر پر مختلف تقریبات منعقد ہو ئیں،شہدا کے مزارات پر حاضری دی گئی اور پھول چڑھائے گئے ۔ نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں یوم دفاع و شہدا کی مرکزی تقریب کے مہمان خصوصی وائس ایڈمرل کلیم شوکت تھے جنھوں نے شہدا کی یادگارپر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ پڑھی۔ لاہور گیریژن اور دیگر مساجد میں صبح کا آغاز ملکی سلامتی کیلئے خصوصی دعاؤں سے ہوا ۔وزیر تعلیم پنجاب مراد راس،تحریک انصاف پنجاب کے جنرل سیکرٹری شعیب صدیقی نے یاد گار شہداء باٹاپور حاضری دی اور دعا مانگی۔لاہور ایئر بیس پر پاک فضائیہ نے خصوصی ایرئیل ڈسپلے اور سٹیٹک کا انعقاد کیا،تقریب کے مہمان خصوصی گورنر پنجاب چوہدری سرور تھے ،مہمانِ خصوصی کا پاک فضائیہ کی سنٹرل کمانڈ کے سربراہ ائیر وائس مارشل طارق ضیاء اور بیس کمانڈر پی اے ایف بیس لاہور ائیر کموڈور عمر نعیم ظہور نے استقبال کیا، نمائش میں شہداء کی فیملیز، اعلیٰ سول /ملٹری افسران اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں،JF-17 تھنڈر، F-16، Mirage اور F-7 لڑاکا طیاروں کا فضائی مظاہرہ خصوصی دلچسپی کا حامل تھا، لڑاکا طیارے اور دیگر ائیر ڈیفنس آلات نمائش کے لیے رکھے گئے ، الٹرالائٹ اور ایرو ماڈلنگ جہازوں کے مظاہروں نے بھی ناظرین کی توجہ حاصل کی، پاک فضائیہ کی تاریخ پر مبنی دستاویزی فلمیں بھی دکھائی گئیں۔برکی لاہور میں میجر عزیز بھٹی شہید اور مناواں میں 1965 کی جنگ کے شہدا کی یادگاروں پر حکومتی، فوجی شخصیات اور شہریوں نے پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی ۔ میجر شبیر شریف شہید نشان حیدر کے مزار پر تقریب میں پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے شہید کوسلامی پیش کی۔آرمی چیف کی جانب سے شہید کے مزار پر پھول چڑھائے گئے ۔جی او سی 11 ڈویژن میجر جنرل محمد یوسف ماجوکا، شہید کے بیٹے تیمور شریف اور بہن نے بھی مزار پر پھول چڑھائے اور دعا کی۔شہید کے صاحبزادے تیمور شریف نے کہاآج ہم سب کو سپاہی بننا اورملکی سلامتی کے لئے ہر قربانی دینے کو تیار رہنا پڑے گا۔صدرپاکستان مسلم لیگ چودھری شجاعت اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالہی کی ہدایت پر جنرل سیکرٹری سینیٹر کامل علی آغا کی سربراہی میں وفد نے باٹا پورمیں سابق ڈی آئی جی کیپٹن (ر)سید احمد مبین شہید کی یادگار شہدا پر حاضری دی۔اسلام آباد کے نواحی علاقے پنڈملکاں میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات اور ڈی آئی جی آپریشنز وقار الدین سید نے لانس نائیک محمد محفوظ شہید نشان حیدر کے مزار پرحاضری دی ۔شکرگڑھ میں ورکنگ باؤنڈری کے سکمال سیکٹر میں شہید ہونے والے لانس نائیک محمد شاہد تمغہ بسالت کے مزار پر وقار تقریب ہوئی،رینجرز کے چاک چوبند دستے نے سلامی پیش کی،ونگ کمانڈر پنجاب رینجرز 80 ونگ کرنل خالد سلیم نے پھول چڑھائے اورفاتحہ خوانی کی گئی۔کرنل خالد سلیم نے نائیک جاوید کی قبر پر بھی حاضری دی۔ بوریوالا میں میجر طفیل شہید کے مزار پرجنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل عدنان کی قیادت میں پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔سنگھوڑی میں شہید کیپٹن راجہ محمد سرور کے مزار پر وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے حاضری دی، گوجر خان میں سوار محمد حسین شہید ، جہلم میں میجراکرم شہید کے مزارات پر سلامی پیش کی گئی،سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے بھی شہید مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی ۔سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے صوابی میں کیپٹن کر نل شیر خا ن شہید کے مزار پر حا ضر ی دی۔ گوادر میں پاک آرمی کے 44 ڈویژن کے جنرل آفیسرکمانڈنگ عامر نجم اور سینیٹر کہدہ بابر نے شہدا یادگار پرسلامی پیش کی۔پاک بحریہ نے ماہی گیروں کے تعاون سے پدی زر گودی سے گورنر ہاؤس تک شاندار بوٹ ریلی نکالی ۔ ہیڈکوارٹرز پاکستان کوسٹ گارڈز کراچی میں یادگارشہدا پر ڈائریکٹر جنرل بریگیڈیئر سجاد سکندر رانجھا ستا رہ امتیاز ملٹری نے پھولوں کی چادر چڑھائی۔ادھرصدر مملکت عارف علوی، کئی وفاقی وزرا اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف یوم دفاع پرشہدا کے گھر گئے اورلواحقین کو سلام پیش کیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسلام آباد میں شہید کیپٹن محمد الحسنین نواز کے گھر جا کر شہید کے اہلخانہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پرانہوں نے کہاپوری قوم شہدائاور ان کے اہلخانہ کو سلام پیش کرتی ہے ، شہدائنے جان کی قربانی دے کر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا،پوری قوم متحداورافواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ، مادر وطن کے لئے جان نچھاور کرنا ہماری قوم کا شیوہ ہے ۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کیپٹن جنید عباسی شہید کے گھر گئے اور شہید کے اہلخانہ سے ملاقات میں کہاآپ نے جنید عباسی شہید جیسے سپوت ارض پاک کی حفاظت کے لئے وقف کئے ، ہماری تاریخ شہدائکے پاک خون سے عبارت ہے ، زندہ قومیں اپنے ہیروز کو ہمیشہ یاد رکھتی ہیں، دشمن کسی بھول میں مت رہے ،پوری قوم اپنی جری افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے ،یہاں آنے کا مقصد قابل فخر بیٹے کو خراج عقیدت پیش کرنا تھا۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مری میں لیفٹیننٹ ارسلان عالم شہید کے گھر جاکر شہید کے بلند ی درجات کے لیے دعاکی، انہوں نے کہا ہمارے جوانوں نے امن کیلئے جانوں کے نذرانے دیئے ۔ ہمارے شہیدوں کی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کے حوصلے اور عزم بلند ہیں۔ وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر)اعجاز شاہ اور وزیر اعلی سندھ مراد علیشاہ کراچی میں شہید راشد منہاس کے گھر گئے اور اہلخانہ سے ملاقات کی ۔ وفاقی وزیر برائے ہوابازی غلام سرور خان نے راولپنڈی میں میجر آفاق احمد شہید کے بھائی اور بیٹے سے ملاقات اور فاتحہ خوانی کی۔ وفاقی وزیر کرنل راشد کریم بیگ شہید کے گھر بھی گئے ۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف لاہور میں لانس نائیک تیمور اسلم شہید کے گھرگئے ،انہوں نے کہا شہدا قوم کا عظیم سرمایہ ہیں، ان کی قربانیوں کو ضائع نہیں ہونے دیں گے ، شہدا کے اہلخانہ کی پوری قوم قرض دار ہے ۔صدرپاکستان مسلم لیگ چودھری شجاعت اور سپیکر پنجاب اسمبلی پرویزالہی کی ہدایت پر جنرل سیکرٹری سینیٹر کامل علی آغا کی سربراہی میں وفد سابق ڈی آئی جی کیپٹن (ر)سید احمد مبین شہید کی رہائشگاہ پر گیااور لواحقین کو سلام پیش کیا۔شکرگڑھ میں ونگ کمانڈر پنجاب رینجرز 80 ونگ کرنل خالد سلیم ورکنگ باؤنڈری کے سکمال سیکٹر میں شہید ہونے والے لانس نائیک محمد شاہد تمغہ بسالت کے گھر گئے اور ورثا اور بچوں سے ملاقات کی۔وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید راولپنڈی میں کیپٹن جازب شہید کے گھر گئے ۔ وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری اسلام آباد میں کیپٹن جنید عرفان عباسی شہید کے گھر گئے اور اہلخانہ سے ملاقات کی ۔شہید کے والد نے کہاعمران خان اور وفاقی وزیر کی آمد سے ہماری بہت حوصلہ افزائی ہوئی ہے ۔سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے پاکستان کے پہلے نشان حیدر کیپٹن راجہ سرور کے اہلخانہ سے ملاقات کی۔وزیر اعظم کی ہدایت پر تحریک انصاف کے تین رکنی وفد نے کرنل سہیل عابد شہید کے اہلخانہ سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت مرکزی سیکرٹری جنرل عامر محمود کیانی نے کی،وفد نے کرنل سہیل عابد شہید کے اہل خانہ کو وزیراعظم کا خصوصی پیغام پہنچایا،شہید کی اہلیہ کو قرآن پاک کا نسخہ جبکہ شہید کے بچوں کو پھول پیش کیے گئے ۔ کرنل سہیل عابد شہید کی اہلیہ کا کہنا تھا خصوصی پیغام بھجوانے پر وزیراعظم کے مشکور ہیں۔صدرتحریک انصاف پنجاب اعجازچوہدری نے گرین ٹاؤن لاہورمیں کیپٹن محمد اقبال اور سپاہی سید نیک زمین شاہ شہید کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور انکے سپوتوں کی قربانی پر خراج تحسین پیش کیا۔ اعجازچوہدری نے کہاان بہادرسپوتوں کی بدولت پاکستانی سرحدیں محفوظ ہیں۔دریں اثنا یوم دفاع اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، کراچی،پشاور،کوئٹہ سمیت ملک بھر ریلیاں نکالی گئیں اور احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔شرکا نے بھارتی جارحیت کے خلاف پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے ، عالمی برادری سے بھارتی جارحانہ اقدامات کا نوٹس لینے ، کشمیریوں کو بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی کے مطالبات درج تھے ۔انہوں نے اس موقع پر کشمیریوں کی آزادی کے حق میں اور کشمیر میں جاری بھارتی جبروتشدد کے خلاف نعرے بازی کی جبکہ پاک فوج کے شہداو غازیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔کشمیر میں بھارتی مظالم اور ڈاکٹرز کو زخمی کشمیریوں کے علاج سے روکنے اور گرفتاریوں کے خلاف راولپنڈی اوراسلام آباد کے ڈاکٹرز نے اسلام آباد میں ’میڈیکس فار کشمیر‘ مارچ کیا۔ مقررین نے کہا کہ عالمی ادارے خالصتاً انسانی بنیادوں پر ڈاکٹرز کو کشمیر میں خدمات کی اجازت دیں۔