لاہور،اسلام آباد ، ملتان (سٹاف رپورٹر،سپیشل رپورٹر، خبرنگار )خلیفہ چہارم حضرت علی ؓکا یوم شہادت لاہور سمیت ملک بھر میں انتہائی انتہائی عقید ت و احترام کیساتھ منایا گیا،ملک بھر میں ماتمی جلوس نکالے گئے ، مجالس عزا برپا کی گئیں ، سیمینارز ،تقریبات کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں حضرت علیؓ کی حیات مبارکہ پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی، ملک بھر میں سکیورٹی انتہائی سخت رہی ،ہزاروں اہلکار تعینات کئے گئے اورکوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا ۔تفصیلات کے مطابق لاہورمیں اندرون شہرمبارک حویلی موچی دروازے سے مرکزی جلوس برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہواچوہٹہ مفتی باقر اور کوتوالی چوک پہنچا جہاں نماز ظہرین ادا کی،نماز کے بعد مرکزی جلوس رنگ محل ،پانی والا تالاب،ٹبی سٹی،بازار حکیماں سے ہوتا ہوا بھاٹی چوک پہنچا اور افطار سے قبل کربلا گامے شاہ میں پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ اسلام آباد، کراچی،کوئٹہ،پشاور، گلگت بلتستان اور آزادکشمیر سمیت ملک کے مختلف شہروں میں عزاداری کے جلوس برآمد ہوئے ۔اسلام آباد سے برآمد جلوس میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری شریک ہوئے ۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ دور حاضر کے فتنوں سے نمٹنے کے لیے عدلِ علی ؓ کی ضرورت ہے ۔ملتان میں بھی قدیمی امام بارگاہوں ودیگر مقامات پر مجالس عزا منعقد کی گئیں اور علم ، ذوالجناح و تابوت کے ماتمی جلوس برآمد کئے گئے ۔ اس موقع پرعلمائے کرام نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ حضرت علی ؓ کے افکار و نظریات ، تعلیمات و فرمودات پوری انسانیت کے لئے مشعل راہ ہیں۔ لاہور میں جلوس کے روٹس پر سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ اور حفاظتی حصار قائم کیا گیا ۔