اسلام آباد، لاہور، پشاور، کراچی( نیوزرپورٹر، سپیشل رپورٹرز، نامہ نگار، نمائندہ خصوصی سے ، سٹاف رپورٹر،نیوز ایجنسیاں ) ملک بھر میں 4 اگست پولیس کے یوم شہدا انتہائی جوش اور جذبہ حب الوطنی کے تحت منایا گیا۔ اس موقع پر پولیس کے اعلیٰ افسران نے جانوں کانذرانہ پیش کرنے والے عظیم شہدا کی قبروں پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائیں۔ پولیس کے دستوں نے شہدا کی قبروں پر سلامی دی ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پولیس کے یوم شہدا کے موقع پر اپنے پیغام میں بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پولیس نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دیں، دہشت گردی کو شکست دینے میں پولیس کا اہم کردار ہے ، ہم قومی جدوجہد میں اپنی پولیس کیساتھ کھڑے ہیں۔آرمی چیف نے کہا شہدا کو سلام ہے اور یہی ہمارے حقیقی ہیرو ہیں۔ انہوں نے کہا تمام سیکورٹی فورسز دہشت گردوں کے خلاف جنگ لڑرہی ہیں ، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس نے عظیم قربانیاں دی ہیں۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے اپنے پیغام میں جام شہادت نوش کرنے والے پولیس کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ جرات و جوانمردی ہمارے جوانوں کا خاصہ ہے ، پولیس نے ملک بھر میں نہایت مشکل اور نامساعد حالات میں اپنے فرائض سرانجام دیے ، دہشت گردی کیخلاف لڑائی میں ملک بھر خصوصاً پختونخوا پولیس نے لازوال قربانیاں دیں، تحریک انصاف پختونخوا کی طرح ملک بھر میں پولیس کیلئے اصلاحات لانے کا عزم کئے ہوئے ہے ، چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پولیس کو پیشہ وارانہ مہارت اور قوت سے مسلح کرنا اہم ہے ۔ دریں اثنا لاہور میں ایس ایس پی انویسٹی گیشن ملک اویس نے کوٹ لکھپت میں شہید سب انسپکٹر منظور کی قبر پر ،یس ایس پی آپریشنز لاہور اسد سرفراز خان نے کوٹ وڈاھا نشترکالونی قبرستان میں شہید کانسٹیبل اعظم کی قبر پر اور سی ٹی او لاہور کیپٹن(ر) لیاقت علی ملک نے کیولری گرائونڈ میں ڈی آئی جی شہید کیپٹن(ر) سید احمد مبین کی قبر پر حاضری دی۔ مال روڈ لاہور میں یادگار شہدا پر فرض کی خاطر جان قربان کرنے والوں کی یاد میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں آئی جی پنجاب اوردیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔ شہداء کے بچوں کی باتوں نے شرکاء تقریب کو رلا دیا۔ شہید اے ایس آئی محمد امین کی بیٹی عاتکہ امین نے انتہائی جوش خروش سے تقریر کی ،ان کے جوش سے مائیک نیچے گر گیا ، عاتکہ امین نے کہا کہ مجھے شہید کی بیٹی ہونے پر فخر ہے ۔ شہید کانسٹیبل ممتاز حسین کے بیٹے علی حسنین نے جب یہ کہاکہ میں اس بابا کی نشانی ہوں جنہوں نے عوام کے جان ومال کی خاطر اپنے اہل خانہ کی پروا کئے بغیر اپنی جان کانذرانہ پیش کیا تو حاضرین آبدیدہ ہوگئے ۔سب انسپکٹر مصدق شہید کی بیٹی ہادیہ مصدق نے کہا میں مصدق شہید کی بیٹی نہیں بلکہ پنجاب پولیس کی دختر ہوں ۔سب انسپکٹر مصدق احمد خان کے نواسے جلال الدین نے کہامیں بھی نانا ابو کی طرح غازی اور شہید بننا چاہتا ہوں توہال نعرے تکبیر سے گونج اٹھا۔نگران وزیر داخلہ شوکت جاوید نے کہاکہ محدود وسائل کے باوجود پولیس کے شہداء نے قربانیوں کی لازوال مثالیں رقم کی ہیں۔پنجاب پولیس کے 1462شہداء کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نمایاں ہیں۔ تقریب میں کیپٹن (ر) احمد مبین شہید کی والدہ بھی سٹیج پر موجو دتھیں جو باربار آنسوپونچھتی تھیں ۔ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں لاہور پولیس کے شہدا کی یادگار پر پھول چڑھانے اور فاتحہ خوانی کے بعد شہدا کے ورثا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بحیثیت سربراہ پنجاب پولیس آپکے تمام مسائل کافوری حل میری اولین ترجیحات میں شامل ہے اور پنجاب پولیس زندگی کے ہر مشکل لمحے میں آپکے شانہ بشانہ موجود رہے گی ۔ ریلوے پولیس کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ریلوے پولیس لائن لاہور میں تقریب ہوئی جس میں شہداء کے ورثاء کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔ انسپکٹر جنرل ریلوے پولیس نے اپنے خطاب میں شہدا کو خراج تحسین پیش کیا۔ آئی جی ریلوے نے ورثا کے ساتھ دوپہر کا کھانا کھایا اور تحائف تقسیم کئے ۔ پشاور میں شہید کمانڈنٹ ایف سی صفت غیور اور دیگر شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا،شہید کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی اور پولیس، ایف سی کے دستوں نے سلامی پیش کی۔ تقریب میں آئی جی خیبرپختونخوا پولیس محمد طاہر اور ایف سی حکام نے شرکت کی۔ انہوں نے بتایا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا پولیس کے 1300 اور ایف سی کے 354 اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔ یوم شہدائے پولیس کی مناسبت سے کراچی، گوجرانوالہ، بہاولپور اور دیگر شہروں میں بھی تقریبات منعقد کی گئیں ۔مزید برآں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول نے شہدا پولیس کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے امن و امان کی بحالی اور دہشتگردی کے خاتمے میں ان کا کردرا تاریخی ہے ۔ آج ہمارے گلی کوچوں میں جو امن ہے ، وہ شہدا پولیس کی قربانیوں کی مرہونِ منت ہے ۔ قوم شہدا پولیس کی مقروض ہے اور ان کے لواحقین کو اکیلا نہیں چھوڑے گی۔