لاہور(اشرف مجید) مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی نے 25جولائی کے یوم سیاہ کو کامیاب بنانے کے لئے تاجر وں کوشٹر ڈائون ہڑتال پر قائل کرنے کی کوششیں شروع کردیں، اس ضمن میں تاجر تنظیموں کے نمائندوں نے آج مشاورت کے بعد مارکیٹوں کو بند کرنے یا صرف مارکیٹوں کے باہر احتجاج کرنے بارے حکمت عملی تیار کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے ۔ذرائع کے مطابق انجمن تاجران لاہور کی دو تنظیموں سمیت پاکستان ٹریڈرز الائنس کے تین رہنمائوں نے مسلم لیگی قیادت کو یقین دہانی کرائی کہ وہ بھی یوم سیاہ کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے لیکن مسلم لیگ(ن) کے رہنمائوں کی کوشش ہے کہ وہ تاجروں کو شٹر ڈائون ہڑتال کرنے پر رضا مند کر لیں۔ذرائع کے مطابق انجمن تاجران کی ایک تنظیم کی جانب سے مسلم لیگ(ن) جبکہ ایک تنظیم کی جانب سے پیپلز پارٹی کے قائدین کو آج اپنے عہدیداران کے ساتھ مشاورت کے بعد شٹر ڈائون ہڑتال کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے آگاہ کیاجائیگا۔ذرائع کے مطابق پاکستان ٹریڈرز الائنس کے تین رہنما ئوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ احتجاج میں شامل ہونگے لیکن وہ مارکیٹوں کو بند کروانے میں کامیاب نہیں ہو سکتے ۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ(ن) کے قائدین کی جانب سے اپنے ایم پی ایز اور عہدیداران کو ٹاسک سونپا گیا ہے کہ وہ شٹر ڈائون ہڑتال کرانے کی بھر پور کوشش کریں اگر ایسا ہو گیا تو یوم سیاہ کامیاب ہو گا ۔