لاہور (جنرل رپورٹر) نامور فزیشن اور کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج کے سابق پرنسپل پروفیسر خواجہ صادق حسین نے کہا ہے کہ ملک جن حالات سے گزرا اس میں ریسرچ اور میڈیکل رائٹنگ کبھی ترجیح نہیں رہے ۔ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں میڈیکل جرنلزم پر تین روزہ قومی کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک ہزار برس میں میڈیکل رائٹنگ نے ارتقاء کی کئی منزلیں طے کرلی ہے ۔ دنیا کا مقابلہ کرنے کیلئے میڈیکل ریسرچ اور جرنلز کے معیار کر بہتر بنانا ہوگا۔ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے صدر جسٹس ریٹائرڈ شاکر اﷲ جان نے کہا کہ ریسرچ کو انڈر گریجویٹ میڈیکل ایجوکیشن کے نصاب کا حصہ بنایا جائے گا۔ وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم نے کہا کہ یونیورسٹی میڈیکل جرنلزم میں دوسالہ ماسٹرز ڈگری پروگرام شروع کررہی ہے ۔ کانفرنس سے ایرانین جرنل آف پبلک ہیلتھ کے چیف ایڈیٹر پروفیسر ایم بی روکنی، متحدہ عرب امارات سے وائس پریذیڈنٹ ایسٹرن میڈیٹیرنین ایسوسی ایشن آف میڈیکل ایڈیٹرز ڈاکٹر حامد حسین، چیف ایڈیٹر جرنل آف سی پی ایس پی کراچی پروفیسر جمشید اختر، سعودی عرب سے پروفیسر سلطان ایوب میو اور پروفیسر احمد بدر نے بھی خطاب کیا۔