اسلام آباد، لاہور،کراچی ،مظفر آباد (خصوصی نیوز رپورٹر،لیڈی رپورٹر،نمائندہ خصوصی سے )ملک بھر میں ’’یوم پاکستان‘‘ آج ملی جوش و جذبہ سے منایا جا رہا ہے ،ملک میں آج عام تعطیل ہوگی جبکہ دن کا آغاز وفاق میں 31جبکہ صوبوں میں 21،21 توپوں کی سلامی سے ہوگا۔ملک بھر کی مساجد میں نماز فجر کے بعدملک کی سلامتی و استحکام کیلئے دعائیں مانگی جائینگی جبکہ دن میں نوافل ادا کئے جائینگے ۔۔ یوم پاکستان کے موقع پر قومی اعزازات کی مرکزی تقریب کو منسوخ کردیا گیا ہے ۔ریاست جموں وکشمیر میں بھی یوم پاکستان سادگی سے منایا جا ئیگا جبکہ کوئی تقریب نہیںہوگی۔اس موقع پرصدر مملکت عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج کے دن ہم مقبوضہ جموں وکشمیر کے مظلوم عوام سے بھرپور اظہار یکجہتی کرتے ہیں جو 231دنوں سے اپنی ہی سرزمین پر نہ صرف مقید ہیں بلکہ بھارت کے ریاستی ظلم و جبر کا دلیری سے مقابلہ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے ۔ وزیراعظم عمران خان نے قوم کے نام پیغام میں کہا کہ اس سال یوم پاکستان مناتے ہوئے ہمیں اپنی صفوں میں ماضی جیسے اتحاد، نظم و ضبط اور جذبے کی ضرورت ہے تا کہ ہم اس آفت کا مقابلہ کرسکیں جس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے ۔میں اپنے ہم وطنوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ خوف میں مبتلا نہ ہوں بلکہ حفاظتی تدابیر اختیار کریں۔ میں بذات خود اس وبا سے مقابلہ کرنے کیلئے حکومتی اقدامات کی نگرانی کر رہا ہوں۔ انشا ء اللہ، ہم اس آزمائش میں کامیاب ہو نگے ۔چیئرمین سینٹ،سپیکر قومی اسمبلی اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک کی سیاسی قیادت پر زور دیا ہے کہ حالات کامقابلہ کرنے کیلئے قوم کو یکجا ہونا ہوگا۔ پاکستان میں جاپان کے سفیر مستودا کونینوری نے یوم پاکستان پرپاکستان کی قیادت اورعوام کیلئے نیک خواہشات اورتمناؤں کا اظہارکیا ہے ۔