اسلام آباد(آن لائن )پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر رحمان ملک نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کو کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت پر لکھے خط میں کہا ہے کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالی کا نوٹس لے اور مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم کی تحقیقات کرانے کیلئے مختلف ممالک سے پارلیمنٹرینز پرمشتمل کمیشن تشکیل دیاجائے ۔ذرائع کے مطابق خط میں رحمان ملک نے کہا کہ بھارتی افواج کشمیریوں کے قتل، ریپ، اغواء و اندھا کرانے سمیت مختلف جرائم میں ملوث ہیں، مسلسل کرفیو کیوجہ سے مقبوضہ کشمیر میں ادویات و اشیائے خورد و نوش کی شدید قلت ہے ۔ نوزائیدہ بچوں کو دودھ و خوراک میسر نہیں جس کیوجہ سے مریض و بچے مر رہے ہیں۔خط میں مزیدلکھاکہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی رپورٹ کے مطابق 1989 سے 2018 تک 94,644 کشمیری قتل کئے گئے ۔7,099 کشمیریوں کو بھارتی افواج نے تحویل میں قتل کیا۔کئی ممالک کے پارلیمنٹرینز نے مجھ سے رابطہ کرکے مقبوضہ کشمیر جانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے ۔اقوام متحدہ بین الاقوامی پارلیمنٹرینز کمیشن کو مقبوضہ کشمیر جانے کی رسائی دے ۔