اسلام آباد(نیٹ نیوز)پاکستان کو رواں مالی سال کے دوران ٹریژری بلز میں 2 ارب 22 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی ریکارڈ غیر ملکی سرمایہ کاری موصول ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق ٹریژری بل کی حالیہ نیلامی 15 جنوری کو ہوئی تھی جس کے ذریعے 53 کروڑ 79 لاکھ ڈالر حاصل ہوئے جو اب تک کسی واحد نیلامی کی سب سے بڑی رقم ہے اس بات کی تصدیق اسٹیٹ بینک نے بھی کی۔ حکومت نے 15 جنوری کی نیلامی کے دوران 11 کھرب روپے وصول کیے لیکن ٹریژری بلز کے ذریعے 2 کھرب 74 ارب روپے اکٹھے ہوئے ۔اسٹیٹ بینک سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ٹریژری بلز میں 95 فیصد سرمایہ کاری امریکا اور برطانیہ کی جانب سے کی گئی۔مجموعی سرمایہ کاری میں سے 45 کروڑ 67 لاکھ ڈالر برطانیہ اور 75 کروڑ 83 لاکھ ڈالر امریکا سے آئے ۔ یوں رواں مالی سال کے دوران برطانیہ سے کی جانے والی سرمایہ کاری ایک ارب 39 کروڑ 20 لاکھ ڈالر جبکہ امریکا سے کی گئی سرمایہ کاری 75 کروڑ 83 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی۔ٹریژری بلز سے آنے والا سرمایہ حکومت کو ذخائر بہتر بنانے میں مدد کرتا ہے جس سے اسٹیٹ بینک کے ذخائر 11 ارب 56 کروڑ 80 لاکھ ڈالر جبکہ حکومتی ذخائر 18 ارب 12 کروڑ 30 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئے ۔