اسلام آباد(خبرنگار خصوصی،سٹاف رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ) 92نیوزکی کاوشیں رنگ لے آئیں،سی ڈی اے نے اسلام آبادمیں مندرکی خلاف ضابطہ تعمیرکاکام رکوا دیا،ذرائع کے مطابق سی ڈی اے نے مندرکی تعمیرکیلئے 4کنال کا پلاٹ الاٹ ضرورکیاتھا لیکن مندرکی تعمیرکیلئے سی ڈی اے سے باضابطہ منظوری لی گئی نہ ہی نقشہ منظورکرایاگیاتھا،سی ڈی اے کی طرف سے مندرکاتعمیراتی کام بغیرکسی نوٹس کے رکوا دیا گیاہے ،سیکٹرایچ9میں مندرکی تعمیرکاکام کچھ روزقبل شروع ہواتھا،مذہبی،سیاسی جماعتوں اورعوام کی طرف سے شدیدتحفظات کااظہارکیاگیاتھا،وزیراعظم کی طرف سے 10کروڑکی گرانٹ منظورکی گئی تھی۔ ترجمان وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں مندر کی تعمیر کیلئے فنڈز جاری کرنے سے متعلق فیصلہ وزیر اعظم کرینگے ۔اسلام آباد میں مندر کی تعمیر سے متعلق وضاحتی بیان میں ترجمان نے کہا کہ ہندو ارکان اسمبلی نے 2017 میں عبادت گاہ کی تعمیر کیلئے ہیومن رائٹس کمیشن میں درخواست دی تھی۔ وزارت انسانی حقوق کی درخواست پرسی ڈی اے نے 2020 میں مندر کیلئے جگہ الاٹ کی تھی۔ترجمان کے مطابق اقلیتی ارکان پارلیمنٹ نے وزارت مذہبی امور کو بھی مندر کی تعمیر کیلئے فنڈ زکی درخواست کی تھی۔ وزارت مذہبی امور اقلیتوں کی عبادت گاہوں کی تعمیر کیلئے فنڈز جاری نہیں کرتی ہے ۔وزارت مذہبی امور نے یہ درخواست وزیر اعظم کے پاس بھجوا دی تھی۔ اقلیتی آبادی کی عبادت گاہ کی تعمیر کیلئے فنڈز سے متعلق فیصلہ تمام تر سماجی اورمذہبی پہلوئوں کو سامنے رکھ کروزیر اعظم کرینگے ۔ترجمان مذہبی امور نے کہا کہ حکومت اسلامی نظریاتی کونسل سے رہنمائی اور مشاورت حاصل کرے گی۔ اسلام آباد میں مذہبی عبادتگاہوں کیلئے جگہ کی فراہمی کی ذمہ داری سی ڈی اے کی ہے ۔پاکستان بطور ریاست و حکومت آئین کے مطابق اقلیتوں کے متعین شدہ حقوق کی حفاظت کرے گا۔ نمائندہ اسلام آباد فہیم اختر کے مطابق گزشتہ روز وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی جس میں اسلام آباد میں مندر کی تعمیر کے حوالے سے چلنے والے معاملے پر بات چیت کی گئی۔ملاقات کے بعد وزارت مذہبی امور نے وضاحت جاری کی ہے ۔ واضح رہے اسلام آباد میں مندر کی تعمیر کا ایشو 92 نیوز نے اٹھایا، 92 کے آواز بلند کرنے پر عوامی حلقے بھی متحرک ہو گئے ، سوشل میڈیا پر صدائے احتجاج بلند ہوئی، نیشنل پریس کلب میں معاشرے کے مختلف طبقات نے پریس کانفرنس میں اپنے تحفظات کا اظہار کیا،ملک بھر کے علما نے 92 نیوز کے پلیٹ فارم سے مندر کی تعمیر کی بھر پور مخالفت کی،آخر کار سی ڈی اے نے مندر کی تعمیر کا کام رکوا دیا، تحریک انصاف کی حکومت آنے کے بعد مندر کا سنگ بنیاد رکھا گیا، مندر کی تعمیر کے لیے 10 کروڑ روپے کی رقم بھی منظور کی گئی تھی۔