اسلام آباد(سپیشل رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیراعظم عمران خان نے ٹیکس چور ملک اور قوم کے دشمن ہیں، کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔وزیرِ اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں چیئرمین ایف بی آر جہانزیب خان نے ٹیکس اکٹھا کرنے ، ٹیکس بیس میں اضافے اور نادہندگان سے ٹیکس وصولی کیلئے اقدامات سے وزیرِ اعظم کو آگاہ کیا۔ایف بی آر کی جانب سے ان نئے اقدامات کے تحت 24.818ارب روپے کی وصولی متوقع ہے جبکہ ابتک 11.882ارب روپے وصول کیے جا چکے ہیں۔اجلاس کے شرکا کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہائی نیٹ ورتھ افراد کے 6 ہزار سے زائد کیس زیرِ غور ہیں جن سے کل 2ارب سے زائد آمدن متوقع ہے ۔ ابتک ان میں 1.3ارب کی وصولی کی جا چکی ہے ۔ معلومات اور تحقیقات کے 66 کیسوں پر کام جاری ہے جن میں سے ابتک 1.5ارب روپے سے زائد کی وصولی کی جا چکی ہے ۔ بیرون ملک جائیدادوں کے کیسز میں ابتک چھ ارب سے زائد کے واجب الادا ٹیکس اکٹھے کیے جا چکے ہیں ۔وزیراعظم نے کہا قابلِ وصول ٹیکسز کواکٹھا کرنے کیلئے جدید طریقہ کار بروئے کار لائے جائیں تاکہ جہاں نا دہندگان کو ٹیکس نیٹ میں لایا جا سکے وہاں ٹیکس دہندگان کیلئے آسانیاں پیدا کی جا سکیں۔ باقاعدگی سے ٹیکس ادا کرنے والوں کو ہراساں کرنے کی بجائے ٹیکس چوروں اور نادہندگان پر توجہ مرکوز کی جائے ۔ ٹیکس نادہندگان اور ٹیکس چوروں کو عوام کے سامنے بے نقاب کیا جائے ۔ ٹیکس چوروں کیخلاف بلا تفریق کارروائی کیساتھ ٹیکس چوری میں سہولت فراہم کرنے والے محکمے کے بدعنوان عناصر کیخلاف کارروائی کو بھی یقینی بنایا جائے ۔ وزیر اعظم نے ٹیکس دہندگان کی حوصلہ افزائی کے سلسلے میں 150 بڑے ٹیکس دہندگان کوملاقات کیلئے آج بلا لیا۔ وزیراعظم ٹاپ ٹیکس دہندگان میں سرٹیفکیٹ تقسیم کریں گے ۔ اس موقع پر وہ ملک میں ٹیکس نیٹ کو بڑھانے کے سلسلے میں خصوصی مشاورت بھی کریں گے ۔وزیر اعظم نے چیئرمین معائنہ کمیشن کوتوانائی شعبے میں بعض بے ضابطگیوں کاجائزہ لینے کا ٹاسک سونپ دیا۔وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین وزیراعظم معائنہ کمیشن احمد یار ہراج نے ملاقات کی،احمد یار ہراج نے وزیر اعظم کو کمیشن کی مختلف سرگرمیوں سے متعلق بریف کیا، وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ جائزہ لے کر جلد سفارشات پیش کریں ۔