فیصل آباد(راناافتخارخاں)ٹیکسٹائل سیکٹر کو سنبھالا دینے کے لئے تحریک انصاف کی حکومت کا49 ارب روپے کا پیکج بڑا فیصلہ ہے ، معیشت کی بحالی کے لئے وزیر خزانہ اسد عمر کی طرف سے جو اعلان کیا گیا ہے اور آئندہ کے لئے مزید اقدامات کا ذکر کیا گیا اس پر عملدرآمد کی صورت میں فیصل آباد سمیت ملک بھر کے ایکسپورٹر کے چہروں پرخوشی نظر آنے کی توقع ہے ،ملک کی مجموعی ٹیکسٹائل برآمدات میں فیصل آباد کا حصہ 65 فیصد ہے مگر سابق حکومت کے دور میں اس انڈسٹری کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا جس سے فیصل آباد کی 50 فیصد تک انڈسٹری مکمل یا جزوی طور پر بند ہوگئی اورپانچ لاکھ افراد بے روزگار ہوگئے ۔وزیر خزانہ کی طرف سے ترمیمی بجٹ میں ٹیکسٹائل سیکٹر کے حوالے سے فیصل آباد کا نام لے کر بات کی کہ اس کی بحالی کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے ۔ ان کی طرف سے گیس اور بجلی کی قیمتوں میں رعائتی پیکج اور ٹیکسٹائل ایکسپورٹر کے لے سبسڈی پیکج کا اعلان خوش آئند ہے ، پیداواری لاگت کی کمی سے انڈسٹری دوبارہ بحالی کی طرف آئے گی تاہم بیمار اور بند صنعتوں کے لئے پیکج بھی وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ قرضوں کی ری شیڈولنگ اور دیگر اقدامات سے اگر تمام انڈسٹری دوبارہ چالو حالت میں آجاتی ہے تو اس سے فیصل آباد میں صنعتی سرگرمیاں پھر سے عروج پر نظر آئیں گی۔