اسلام آباد ( آن لائن )جاری مالی سال کے دوران ٹیکسٹائل اور کپڑے کی برآمدات میں 3.68 فیصد اضافہ ہواہے ۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعداد وشمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں جولائی تا جنوری 2019-20 کے دوران ٹیکسٹائل اور کپڑے کی ملکی برآمدات کا حجم 8.099 ارب ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا جنوری 2018-19 میں برآمدات کا حجم 7.812 ارب ڈالر رہا تھا۔اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے دوران کپڑے اور ٹیکسٹائل کی قومی برآمدات میں 287 ملین ڈالر یعنی 3.68 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ پی بی ایس کے مطابق رواں مالی سال میں ویلیو ایڈیڈ مصنوعات کی برآمدات 2.2 فیصدکے اضافے سے 13.05 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ رپورٹ کے مطابق جنوری 2020 میں ٹیکسٹائل اور کپڑے کی برآمدات 2.25 فیصد کے اضافہ سے 1.16 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 1.19 ارب ڈالر تک بڑھ گئیں۔