لاہور(کامرس رپورٹر)محکمہ زراعت نے ہارٹیکلچر اور ہائی ویلیو ایگریکلچرکے فروغ کیلئے دو روزہ پاکستان ہارٹی ایکسپو2019 کا انعقاد کیا جس کا افتتاح ملک نعمان احمد لنگڑیال وزیر زراعت پنجاب نے کیا ۔ نمائش میں 13سے زائد بین الاقوامی کمپنیوں نے بھی شرکت کی اور اپنی مصنوعات کو نمائش کیلئے پیش کیا۔ نمائش میں ملکی اور غیر ملکی صنعت کار ، کاشتکار، درآمد و برآمد کنندگان کی دلچسپی سامنے آئی۔اس موقع پرملک نعمان احمد لنگڑیال وزیر زراعت پنجاب نے کہا کہ پاکستان ہارٹی ایکسپو 2019 کے انعقاد سے ملکی ہارٹیکلچر،ہائی ویلیو ایگریکلچر کی اعلی اقسام اور ان کی مصنوعات کو دنیا بھر میں نئی منڈیاں ملنے کے امکانات روشن ہو ئے ہیں۔اس کے علاوہ دنیا بھر کو پاکستان کے شعبہ زراعت کے متعلق آگاہی حاصل ہوئی۔اس نمائش نے بین الاقومی سطح پر پاکستان کا تشخص بہتر بنایا ہے ۔ دو روزہ نمائش آج 22 جنوری 2019 کو اختتام پذیر ہو گی۔