اسلام آباد (خبر نگار خصوصی ،نیوزایجنسیاں ) وزیر اعظم عمران خان نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو ٹیلیفون کر کے انتخابات میں پارٹی کی کامیابی پر مبارکباد دی ۔ دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو ٹیلیفون کیا اور لوک سبھا کے الیکشن میں پارٹی کی جیت پر مبارکباد دی اور دونوں ممالک کے عوام کی بہتری کیلئے ملکر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ترجمان کے مطابق وزیراعظم نے جنوبی ایشیا میں امن، ترقی اورخوشحالی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان مقاصد کوآگے لے جانے کیلئے وزیراعظم مودی کیساتھ مل کرکام کرنے کیلئے پرامید ہیں۔یاد رہے وزیر اعظم عمران خان نے بھارتی انتخابات میں حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی کامیابی پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو ٹوئٹر پر بھی مبارکباد دی تھی ۔وزیر اعظم نے کہا تھا جنوبی ایشیا میں امن، ترقی اور خوشحالی کیلئے مودی سے مل کر کا م کر نے کا منتظر ہوں۔ ادھر بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق وزیراعظم مودی نے ٹیلیفون کرنے اور مبارکباد دینے پر عمران خان کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے زور دیا کہ خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کیلئے تعاون کو فروغ دینے کیلئے تشدد اور دہشتگردی سے پاک ماحول اور اعتماد کی بحالی ناگزیر ہے ۔دریں اثناء وزیراعظم عمران خان سے کاروباری طبقے کے وفد نے ملاقات کی۔وفد میں ممتاز کاروباری اورمعیشت کے مختلف شعبوں کی نمائندگی کرنے والی شخصیات شامل تھیں جبکہ حکومت کی جانب سے مشیر خزانہ ڈاکٹرحفیظ شیخ،مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد،گورنرسٹیٹ بینک رضا باقر،چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی اور دیگر حکام موجود تھے ۔ اعلامیہ کے مطابق وفد نے وزیر اعظم کو معیشت کے مختلف شعبوں میں ترقی کیلئے تجاویز پیش کیں۔ وزیر اعظم نے کہا حکومت معاشی عمل میں کاروباری طبقے کے ساتھ مضبوط پارٹنر شپ استوارکرنا چاہتی ہے ۔ کاروباری طبقہ معاشی ترقی میں ہراول دستے کا کردار ادا کرے ۔حکومت سپیشل اکنامک زونز کی تعمیر و ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے جس سے کاروباری طبقے کو کاروبار کے فروغ کیلئے سازگار ماحول اور تمام ضروری سہولیات میسر آئیں گی۔