کراچی(کامرس رپورٹر)میاں شہباز شریف کے وزیراعظم کا منصب سنبھالنے کے بعد رواں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز منگل کو بھی پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تیزی کا سلسلہ جاری رہا،کے ایس ای100انڈیکس میں262پوائنٹس کا اضافہ ہو ا۔کاروبارمیں تیزی کے سبب مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ27ارب69کروڑ40لاکھ77ہزار110 روپے بڑھ کر77کھرب37ارب 89کروڑ 28لاکھ 67ہزار9 روپے پر پہنچ گیا۔ مارکیٹ میں مجموعی طور پر359 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جس میں سے 172کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور172ہی کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی رہی جبکہ 15کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔مجموعی طور پر49 کروڑ35 لاکھ97ہزار955حصص کا کاروبار ہوا ۔ دریں اثنا ء منگل کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں91پیسہ کی کمی واقع ہوئی جس کے بعد ڈالر گھٹ کر182.01روپے کی سطح پر آگیا، جبکہ مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں 1.50روپے کی نمایاں کمی سے ڈالر کی قیمت خرید182.30روپے اور قیمت فروخت182.70روپے ہو گئی ۔علاوہ ازیں عالمی مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں اضافے کے باوجود مقامی سطح پر سونے کی قیمت1400روپے کمی سے 1لاکھ30ہزاراوردس گرام سونے کی قیمت1200روپے کمی سے 1لاکھ11ہزار453 روپے رہی جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت 1520 روپے کی سطح پر مستحکم ریکارڈ کی گئی۔