مکرمی جناب! میں اپنے اس خط کے توسط سے عوام کے ایک اہم مسئلہ کی جانب توجہ مبذول کروا نا چاہتی ہوں۔ نئی حکومت سے عوام کو بہت سی امیدیں تھیں۔ عوام نے سوچا تھا کہ ہمارا مقدر بدل جائے گا۔ مقدر بدلہ تو ضرور لیکن اس بدلاؤ نے عوام کو خوشی کے بجائے عوام کو مزید پریشان کر دیا ہے۔ حکومت کی تبدیلی ہوتے ہی لوگوں کی زندگی تبدیل ہوگئی۔ آٹا، چینی، پٹرول، حتیٰ کہ دیگر اشیاء کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔ ٹرانسپورٹروں نے بھی کرایوں میں کافی اضافہ کردیا ہے۔ ان سب کے بعد لوگوں کا گھر میں رہنا آسان ہوا اور نہ ہی گھر سے باہر جانا۔ ان حالات میں آمدنی مختصر اور خرچ بڑھتا جا رہا ہے۔ خواہشیں تو دور کی بات ہیں۔ روزمرہ کی ضروریات کے لئے بھی عوام بے حد پریشان ہیں۔ جناب وزیر اعظم سے گزارش ہے عوام کو اس روز روز کی مشکلات سے نکالنے کے لیے کوئی بھرپور اور عملی اقدامات کریں۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ یہ مہنگائی لوگوں کی امیدوں کے ساتھ ساتھ ان کی زندگیاں بھی ختم کر دے۔ اس مسئلے پر سنگین غوروفکر کی ضرورت ہے۔ سب سے پہلے بجلی کی قیمت کم ہونی چاہئے۔ تحریک انصاف کے اکابرین کو یہ بات سمجھ لینی چاہے کہ عوام کو تبدیلی سے نہیں روٹی روزی سے غرض ہے۔ ان مسائل کو حل کرنا موجودہ حکومت کی پہلی ترجیح ہونی چاہئے اور اس کے لئے زبانی جمع خرچ نہیں بلکہ عملی اقدامات ہوتے نظر آنا چاہئیں۔ (مصباح خا ن لیاقت آباد، کراچی)