یہ سیاست کرنے کا وقت نہیں! اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس کے رہنمائوں نے کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے نیشنل ایکشن پلان تشکیل دینے اور قومی سطح پر ٹاسک فورس کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے وفاقی حکومت کی طرف سے پالیسی پر تحفظات کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ کرونا وائرس سے تحفظ کیلئے ملک گیر لاک ڈائون اس کا واحد حل ہے۔ عجیب بات یہ ہے کہ اپوزیشن جماعتیں جو مطالبات کر رہی ہیں ان پر وفاقی حکومت کی طرف سے پہلے ہی عمل ہو رہا ہے۔ اس وقت ملک میں کرونا وائرس کے حوالے سے لاک ڈائون جا ری ہے، تمام متعلقہ محکمے بھی سرگرم عمل ہیں۔ حال ہی میں ملک کی عسکری و سیاسی قیادت نے مل بیٹھ کرنیا پلان بھی ترتیب دیا ہے۔ وزیراعظم اپنے قومی خطاب اور عسکری قیادت اپنے طور پر بھی کئی اقدامات کا اعلان کر چکے ہیں،ان پر عملدرآمدجاری ہے۔ ایسی صورتحال میں اپوزیشن کی طرف سے وہی مطالبے دہرانا جن پر پہلے ہی عمل ہو رہا ہے،حالات سے بے خبری کی دلیل ہے۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اس بات پر مصر ہیں کہ پٹرول کی قیمتوں میں 70 فیصد تک کمی کی جائے حالانکہ صوبے کے ایک سابق وزیراعلیٰ کی حیثیت سے انہیں اس امر کا ادراک ہونا چاہئے کہ کرونا وائرس سے پیدا شدہ صورتحال میں پٹرول کی قیمتوں میںاس سطح پر کمی ناقابل عمل ہے۔ ملک کی موجودہ صورتحال کا تقاضا ہے کہ اپوزیشن اپنی ذمہ داریاں نبھائے، حکومت کی رہنمائی کرے، سیاست نہ کرے یہ سیاست کرنے کا وقت نہیں ہے۔ اسے کسی اور وقت پر اٹھا رکھا جائے تو بہتر ہے۔ اس وقت حکومت اور اپوزیشن کو مل بیٹھ کر کرونا بحران سے نمٹنے کی ضرورت ہے اسی میں ملک و قوم کی بھلائی ہے۔