کراچی(سٹاف رپورٹر) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ پی ایس پی اقتدار میں آکر وزارت بلدیات ختم کردے گی، سندھ حکومت 18ویں ترمیم کے خلاف خود سازش کررہی ہے ،میں ایسی کسی اٹھارویں ترمیم کو نہیں مانتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے باغ جناح گراؤنڈ میں جلسے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ایسی ترمیم کو جس سے میرے بچوں کو صاف پانی، تعلیم اور صحت نہ ملے ،اٹھارویں ترمیم کوئی آسمانی صحیفہ نہیں ہے ،بلاول اس اٹھارویں ترمیم کو بچانے کی بات کررہے ہیں جس کے تحت کچرا اٹھانے کے اختیارات بھی وزیر اعلی نے اپنے پاس رکھے ہوئے ہیں، پی ایس پی مطالبہ کرتی ہے کہ اٹھارویں ترمیم میں بھی ترمیم کی ضرورت ہے ،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے گزارش کرتا ہوں کہ جب زلزلہ سیلاب یا کوئی بھی مسئلہ ہوتا ہے تو وہ اپنا کردار ادا کرتے ہیں، سندھ کے لوگ بھی مر رہے ہیں خدارا اپنا کردار ادا کریں، لوگو اٹھ کھڑے ہو،اﷲ کی مدد آئے گی،ہم وہ لوگ ہیں جنہوں نے کراچی بنایا اور پاکستان بنائیں گے ،یہ نظام اب نہیں چلے گا، اب فیصلہ ہوگیا ہے ،چند دن بعد ہم سڑکوں پر ہون گے ،اب ڈرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ جلسے سے پی ایس پی کے صدر انیس قائم خانی،وائس چیئرمین اشفاق منگی،نیشنل کونسل کی رکن آسیہ اسحاق،جوائنٹ سیکریٹری بلقیس مختار ، عطا اﷲ کرد ،نیشنل کونسل کے رکن شمشاد صدیقی، حفیظ الدین نے بھی خطاب کیا۔