Common frontend top

آسیہ پاکستانی شہری، ریاست حقوق کا احترام کرتی ہے:شاہ محمود

بدھ 14 نومبر 2018ء





اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی، خصوصی نیوز رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، نیٹ نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو کینیڈین ہم منصب کریسٹیا فری لینڈ نے فون کیا اور آسیہ بی بی کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا ۔دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل کی طرف سے جاری بیان کے مطابق کینڈین وزیر خارجہ نے آسیہ بی بی کی بریت پر سپریم کورٹ کے فیصلے کی تعریف کی۔ کریسٹیا فری لینڈ نے کہا آسیہ کی رہائی کے فیصلے کے بعد وزیراعظم عمران خان کی تقریر بھی بہت مثبت تھی۔ شاہ محمود قریشی نے اپنے کینیڈین ہم منصب کو بتایا آسیہ بی بی پاکستانی شہری ہیں اور پاکستان ان کے تمام قانونی حقوق کا مکمل احترام کرتا ہے ۔ علاوہ ازیں پاکستانی حکام نے آسیہ بی بی کے معاملہ پر کینیڈا کی جانب سے پاکستان سے رابطہ کیے جانے کی تصدیق کر دی ہے ۔وزارت خارجہ کے ترجمان نے ٹوئٹر پر اپنے پیغامات میں کہا کہ کینیڈا کے وزیر خارجہ نے گذشتہ روز اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کو فون کرتے ہوئے ان سے دیگر معاملات کے علاوہ آسیہ بی بی کے معاملے پر بھی بات کی۔ واضح رہے کہ پیر کو پیرس میں خبر رساں ادارے اے ایف پی کو ایک خصوصی انٹرویو میں کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا تھا ان کا ملک مسیحی خاتون آسیہ بی بی کو پناہ دینے کے لیے سلسلے میں پاکستان سے بات چیت کر رہا ہے ۔ علاوہ ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سے اپنے دفتر میں ملاقات کی ۔ وزیر خارجہ نے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کو عافیہ صدیقی کیس کے سلسلے میں کی جانے والی کاوشوں سے آگاہ کیا۔وزیر خارجہ نے کہا ہوسٹن میں پاکستانی قونصلیٹ جنرل کو خصوصی ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ عافیہ صدیقی کی صحت انسانی و قانونی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے باقاعدگی کے ساتھ "قونصلر وزٹس" کا اہتمام کرے ۔ ملاقات میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی پاکستان منتقلی پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ڈاکٹرفوزیہ نے وفاقی وزیر اطلاعات سے بھی ملاقات کی ۔ فواد چودھری نے کہا ڈاکٹر عافیہ کو انصاف دلانا ہر پاکستانی کے دل کی آواز ہے ، عمران خان واحد رہنما ہیں جنہوں نے عافیہ صدیقی کے حق میں مسلسل آواز بلند کی۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے وزیراعظم عمران خان اور حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا عافیہ صدیقی کے معاملے کو اجاگر اور حل کرنے کی کوششوں پر حکومتی اقدامات کو سراہتے ہیں۔ 

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں

آج کے کالم 










اہم خبریں