لاہور(بابر علی) یونین کونسلوں کا سابقہ نظام غیر فعال ہو نے سے قبل صفائی کے کنٹریکٹرز کی سکیورٹی کلیئر نہیں کی گئی ، جس کی وجہ سے دیہی علاقوں میں صفائی کے مسائل زیا دہ ہو گئے ہیں جبکہ محکمہ بلدیات نے ڈویژنل ڈائریکٹرز کو مسئلہ حل کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے ۔تفصیلات کے مطابق محکمہ بلدیات کی طرف سے تمام ڈویژنل ڈائریکٹرز کو مراسلہ جاری کیا گیا، جس میں کہا گیا کہ غیر فعال ہو نے والی یونین کونسلوں کے فنڈز استعمال کرنے پر پابندی کی وجہ سے دیہی علاقوں میں صفائی سے متعلق شکایات زیا دہ ہو رہی ہیں۔ کنٹریکٹرز کی سابقہ نظام میں جمع کرائی گئی سکیورٹی کلیئر نہ ہونے کی وجہ سے وہ نئے نظام میں مسائل پیدا کر رہے ہیں۔اس مد میں ڈویژنل ڈائریکٹرز کو اختیار دیا جاتا ہے کہ و ہ ڈپٹی ڈائریکٹر ز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز لوکل گورنمنٹ کے ذریعے غیر فعال ہو نے والی یونین کونسلوں کے فنڈز سے کنٹریکٹرز کو ان کی سکیورٹی کے چیک جاری کریں، اس مدمیں دیے گئے اختیار کا غلط استعمال کرنے والے کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔