اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی، صباح نیوز)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ملک میں دوبارہ افغانستان سے کالعدم ٹی ٹی پی منظم ہو رہی ہے ۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور اور کراچی میں دہشت گردی کاخدشہ ہے ۔شیخ رشید نے پمز ہسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری پولیس اور فوج نے اپنی جانوں پر کھیل کر ہماری حفاظت کی، اس ملک میں ہماری افواج اور پولیس نے اپنی شہادتوں سے دہشتگردوں کو شکست دی۔شیخ رشید نے کہا کہ جو بھی پارلیمنٹ کے باہر ہوا غلط ہوا، اس کی مذمت کرتا ہوں، اپوزیشن قائدین کو بھی پریس کانفرنس کیلئے مناسب جگہ کا انتخاب کرنا چاہیے تھا۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے پمز ہسپتال کا دورہ کیا جہاں گزشتہ رات کو ملزمان کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے دونوں پولیس اہلکاروں سے ملاقات کی ۔شیخ رشید نے کہا کہ زندگی کا کوئی معاوضہ نہیں ، پولیس اور فوج امن و امان قائم کرتی ہے ۔ دریں اثنا ء نجی ٹی وی سے گفتگو میں شیخ رشید نے کہا کہ حکومت کہیں نہیں جارہی۔ 15 اپریل تک سیاست میں جوڈو کراٹے دیکھ رہاہوں، اپوزیشن ہمیں کھیلنے نہیں دے گی تو ہم بھی کھیلنے نہیں د ینگے ، صادق سنجرانی دوبارہ چیئرمین سینٹ بن جا ئینگے ۔ انہوں نے کہاکہ سینٹانتخابات میں ہمارے 30ارکان نے اپوزیشن سے ہاں کی مگر 17ٹوٹے جبکہ اعتماد کاووٹ دینے پر 3 ارکان نے نخرے دکھائے ، ٹوٹنے والے 17 ارکان میں سے 13 پیسوں میں بک گئے ۔ ووٹوں کی خریدوفروخت زرداری نے کرائی، اس دفعہ بڑے بڑے ریٹ لگے ۔5 سے 8 کروڑ تک ریٹ لگا ہے ۔ حفیظ شیخ بدستور کابینہ کا حصہ رہیں گے ۔ مریم نواز کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں ۔