اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)عالمی بینک نے کہا ہے کہ کوروناوائرس کی وباء کی وجہ سے دنیامیں تخفیف غربت کی کوششوں پربھی منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں،یہ ایک غیرمعمولی صورتحال ہے اوراقتصادی مسائل کااب تمام ممالک کو سامنا کرنا پڑ رہاہے ، اس صورتحال کے تناظر میں تمام ممالک کیلئے اب عملی اقدامات کرنے کاوقت آگیاہے ۔عالمی بینک کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق کوروناوائرس سے ابتدامیں چین کی معیشت اورسپلائی چین پراثرات مرتب ہوئے تاہم بعدازاں اس کے اثرات پوری دنیا میں پھیل گئے ۔رپورٹ کے مطابق مشرقی ایشیا اور بحرالکاہل کے خطے کی معیشتیں اب عالمی اقتصادی جھٹکے اورکسادبازاری کا سامناکررہی ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ یہ ایک غیرمعمولی صورتحال ہے اوراقتصادی مسائل کااب تمام ممالک کوسامناکرناپڑرہاہے ، اس صورتحال کے تناظر میں تمام ممالک کیلئے اب عملی اقدامات کرنے کاوقت آگیاہے ، اس کیلئے صحت عامہ کے شعبہ میں فوری سرمایہ کاری اور ہدف پرمبنی زری ومالیاتی اقدامات ضروری ہیں تاکہ کورونا وباء سے معیشتوں پرپڑنے والے اثرات کوکم کیاجاسکے ۔رپورٹ میں کہاگیاہے کہ نئی صورتحال میں بڑھوتری کا درست اندازہ لگانا ممکن نہیں ہے تاہم ایشیاء اوربحرالکاہل کے خطے کے ممالک میں بڑھوتری کی شرح 2.1 فیصد اوربدترین حالات میں منفی 0.5 فیصد تک رہنے کا امکان ہے ۔چین میں20 لائن کی بنیاد پربڑھوتری میں 2.3 فیصد کمی متوقع ہے ۔رپورٹ میں کہاگیاہے کہ عالمگیروباء پرقابوپانے میں جتنی جلدی کامیابی ملے گی اسی رفتارسے معیشتوں کی بحالی کاعمل شروع ہوگا تاہم مالیاتی مارکیٹوں کیلئے خطرات برقراررہیں گے ۔ رپورٹ میں کہاگیاہے کہ نئے اندازوں کے مطابق سال 2020ء میں خطے کے ممالک میں 5.50 ڈالر یومیہ سے کم آمدنی والے شہریوں کو غربت سے نکالنے کے جواندازے لگائے گئے تھے ان میں اب 24 ملین کی کمی آئیگی۔رپورٹ میں کہاگیاہے کہ اگرصورتحال جاری رہی توخطے میں مزید11 ملین افراد خط غربت سے نیچے چلے جائیں گے ۔رپورٹ میں کوروناوباء سے معیشتوں پراثرات کوکم کرنے کیلئے سرحدوں کے پارپبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اورادویات وطبی سامان وآلات کی فراہمی میں آسانیوں کی ضرورت پرزوردیا گیاہے ۔ اس کے علاوہ شہریوں کوقرضوں میں رعایت دینے سمیت کئی دیگراقدامات اٹھانے کی سفارش بھی کی گئی ہے ۔ ادھرعالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر برائے پاکستان پاچامیتھو الانگوان نے کہا ہے کہ ورلڈ بینک پاکستان میں کورونا وائرس کے خلاف جاری جدوجہد میں پاکستان کی حکومت اور عوام کی معاونت کر رہا ہے ۔گزشتہ روزکنٹری ڈائریکٹرنے ٹوئٹرپراپنے بیان میں کہا کہ عالمی بینک وبائی امراض کے خلاف معاونت کے پروگرام کے تحت پاکستان میں کورونا کے مرض کی تشخیص اور نگرانی کے نظام میں بہتری کے لئے معاونت کا عمل جاری رکھے گا۔